انتظامیہ کے تعاون کے بغیر کتب میلے کا انعقاد کرنا لا ئق تحسین ہے، وزیر تعلیم سندھ

تعمیری سرگرمیوں میں جمعیت ہمیشہ آگے رہی ہے،شہلا رضا، طلبہ کے مسائل حل کرنے میں جمعیت نے ہمیشہ بازی جیتی ہے،معراج الہدیٰ

جمعرات 23 نومبر 2017 22:39

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2017ء) این ای ڈی یونیورسٹی میں اسلامی جمعیت طلبہ کے تحت ایجوکیشن فیسٹا اور کتب میلے کا انعقاد کیا گیا ۔ جس کے پہلے روزکا افتتاح ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا اور امیر جماعت اسلامی سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کیا ۔کتب میلے کے دوسرے روز کا افتتاح نائب امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کیا۔

جبکہ تیسرے روز کا افتتاح صوبائی وزیر ِ تعلیم جام مہتاب دہر نے کیا۔کتب میلے میں ہزاروں طلبا و طالبات سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی ۔میلے میں مختلف کمپنیوں کے نمائشی سٹالز سمیت طلبہ کی تفریح اور کھانے پینے کے اسٹالزبھی لگائے گئے ۔اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم سندھ جام مہتاب دہر کا کہنا تھا کہ طلبہ یو نین وقت کی ضرورت ہے، میں امید کرتا ہوں کہ جامعات طلبہ یونین کے اتخابات جلد کرائیں گی ۔

(جاری ہے)

تاکہ طلبہ یونین سازی کے ذریعے اپنی قیادت خود منتخب کرسکیں اور مسائل بھی حل کر سکیں ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جمعیت نے آج بھی علم و کتب سے اپنا مظبوط تعلق قائم رکھا ہوا ہے۔شہر بھر کے مختلف کالج و جامعات میں کامیاب کتب میلوںکا انعقاد اسلامی جمعیت طلبہ کا خاصہ ہے ۔مگر مجھے افسوس کے ساتھ کہنا پڑرہا ہے کہ این ای ڈی کی انتظامیہ اس قسم کی تعمیری و مثبت سرگرمیوں کے انعقاد میںجمعیت کے ساتھ کوئی تعاون نہیں کرتی ۔

مگر پھر بھی جمعیت کا یہ اقدام لائق تحسین ہے ۔اس موقع پرڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا کاکہناتھا کہ تعمیری سرگرمیوں میں جمعیت ہمیشہ آگے رہی ہے ، اور اس طرح کے کتب میلوں کے ذریعے جمعیت نے طلبہ کو فوائد پہنچانے کی بھرپور کو شش کی ہے ۔ اس موقع پر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی کا کہنا تھا کہ جمعیت نے ہمیشہ کتاب دوست اور علم دوست تنظیم ہونے کا ثبوت دیا ہے اور ہمیشہ اس ملک کو نئی نئی روایتیں دی ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ جمعیت سے ہر سال ہزاروں طلبہ مستفید ہو تے ہیں ۔ طلبہ کے مسائل حل کرنے میں جمعیت نے ہمیشہ بازی جیتی ہے ۔اگر کسی کو یقین نہیں آتا تو وہ این ای ڈی یو نیورسٹی آکر جمعیت کا یہ کتب میلہ دیکھ لے ،یہ جمعیت کی علم دوستی کی زندہ مثال ہے۔

متعلقہ عنوان :