جشن میلادالنبیؐکے انتظامات کے سلسلے علماء کرام اورمعززین ہماری رہنمائی کریں، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد

جمعرات 23 نومبر 2017 22:33

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2017ء)ڈپٹی کمشنر حیدرآباد محمد سلیم راجپوت نے کہاہے کہ جشن میلادالنبیؐ کے انتظامات کے سلسلے علماء کرام اورمعززین ہماری رہنمائی کریں تاکہ میلاالنبیؐ کے جلوسوں،اجتماعات اورریلیوں میں شریک ہونے والوں کے لئے بہتر سے بہتر انتظامات کئے جاسکیں اورانہیں کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے، ڈی سی نے ضلعی انتظامیہ کے ماتحت تمام متعلقہ اداروں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے کنٹرول روم قائم کردیا،حیسکو،واسا،میونسپل کارپوریشن،پولیس سمیت تمام اداروں کے افسران کو جلوسوں،ریلیوں اوراجتماعات کے منتظمین سے بھرپورتعاون کرنے کی ہدایت۔

(جاری ہے)

چیئرمین مذہبی امورکمیٹی حاجی گلشن الٰہی ،شیخ الحدیث علامہ صوفی رضامحمد عباسی،خالد حسن عطاری،محرم دین قادری،محمدعمران سہروردی،ڈاکٹریونس دانش ، محبوب عالم شیروانی،محمد اکرم قریشی،علامہ عبدالغنی شاہ،قاری احمد علی معیدی،محمد اقبال شیخ،علامیہ نورالحسن جیلانی اور دیگر علماء کرام ،مذہبی تنظیموں ،انجمنوں کے رہنمائوںاورمیلادالنبیؐ کے جلسے ،جلسوں ،اجتماعات،محفلوں اورریلیوں کے منتظمین نے ڈپٹی کمشنر محمد سلیم راجپوت سے ملاقات کی اور انہیں ریلیوں ، جلسوں ، اجتماعات کی گزرگاہوں پر صحت وصفائی کی ابترصورتحال اوربجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سے آگاہ کیا، ڈپٹی کمشنر نے ضلعی انتظامیہ کے ماتحت تمام اداروں کے افسران کو ہدایت کی کہ جشن عیدمیلادالنبیؐ کے موقع پر بہتر سے بہتر اورمثالی اقدامات اورانتظامات کریں ،اورمیونسپل کارپوریشن کے تعاون سے تمام شہر میں صحت وصفائی کی صورتحال فوری بہتر بنائے جائے، غفلت اورلاپرواہی برتنے والے افسران کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی،ڈپٹی کمشنرنے علماء کرام کو بتایا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے حیسکوحکام سے مسلسل رابطوں میں ہیں اوربڑے اجتماعات اورجلسوں کو ڈسٹرکٹ انتظامیہ کی جانب سے جنریٹرربھی فراہم کئے جائیں گے،انہوں نے تمام ضلعی انتظامیہ کے ماتحت تمام متعلقہ اداروں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے کنٹرول روم قائم کرنے کا حکم دیا جہاں ہروقت حیسکو،پولیس،میونسپل کارپوریشن ،واساسمیت دیگر اداروں کے افسران موجود رہیں گے،ملاقات میں میونسپل کمشنر شاہد علی خان،ڈائریکٹر واساسلیم الدین سمیت دیگر اداروں کے افسران بھی موجود تھے۔