صادق کلب کو ضلع کی شناخت میں ممتاز مقام حاصل ہے، ڈپٹی کمشنر

جمعرات 23 نومبر 2017 22:30

رحیم یار خان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2017ء) ڈپٹی کمشنر رحیم یا رخان سقراط امان رانا نے کہا ہے کہ صادق کلب کو ضلع کی شناخت میں ممتاز مقام حاصل ہے اور مزید بہتری کے لئے اپنے پیش رو افسران کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ممبران صادق کلب کی مشاورت سے مزید اضافہ کیا جائے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صادق کلب ریذیڈنسی کے مکمل ہونے والے توسیعی منصوبے اور ملحقہ کیفے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ صادق کلب میں دستیاب سہولیات میں بہتری کے لئے ممبران کی رائے سے مزید اقدامات اٹھائے جائیں گے خاص طور پر ممبران اور فیملیز کو مثبت تفریحی و ثقافتی سرگرمیوں کی فراہمی کے لئے پالیسی ترتیب دی جارہی ہے جس کا سلسلہ وار آغاز کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جلد آل پاکستان لان ٹینس ٹورنامنٹ کے انعقاد سمیت دیگر تفریحی سرگرمیاں بھی منعقد کی جائیں گی جس کے لئے ممبران صادق کلب کا تعاون مثالی ہے جس پر میں انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوںجنہوں نے اپنے ممبران کو مثبت تفریحی و صحت مندانہ سرگرمیوں کی فراہمی کے لئے رضا کارانہ طور پرفنڈز فراہم کئے اور میں خود بھی ذاتی طور پر دو لاکھ روپے فراہم کروں گا۔

انہوں نے صادق کلب جمنازیم کی اپ گریڈیشن سمیت دیگر شعبوں کی بہتری کے لئے فاطمہ فرٹیلائزر کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ جنرل منیجر فاطمہ فرٹیلائز سید شوکت علی نے ہمیشہ ضلع میں عوامی فلاح وبہبود اور تفریحی سرگرمیوں کے فروغ میں انتظامیہ کا ساتھ دیا اور آج بھی انہوں نے صادق کلب کے لئے فاطمہ فرٹیلائزر کی جانب سی30 لاکھ روپے کی خطیر رقم کا چیک فراہم کیا ہے جس پر میں ممبران صادق کلب کی جانب سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔

ڈپٹی کمشنر نے قلیل مدت میں صادق کلب ریذیڈنسی کے توسیعی منصوبے کو مکمل کرنے پر ایگزیکٹیو باڈی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اسی جذبے اور لگن سے ہم نے صادق کلب کو مزید ترقی کی جانب گامزن رکھنا ہے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل منیجر فاطمہ فرٹیلائزسید شوکت علی نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر سقراط امان رانا ایک ویژنری شخصیت کے مالک ہیں جو جس کا م کا تہیہ کر لیں اسے مکمل کئے بغیر نہیں رہتے اور مجھے خوشی ہے کہ ایسی شخصیت صادق کلب کی صدارت پر موجود ہے ۔

انہوں نے کہا کہ فاطمہ فرٹیلائزر نے ہمیشہ ضلع میں عوامی فلاح وبہبود کے منصوبوں اور عوام کو تفریحی سرگرمیوں کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کیا جسے آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔نائب صدر صادق کلب میاں رفیق نے کہا کہ صادق کلب کی بہتری اور ترقی کے لئے ہمیشہ ضلعی افسران نے کلیدی کردار ادا کیا اور سابقہ ڈی سی اوز نے بھی اس میں اپنا بھر پور حصہ ڈالا۔

انہوں نے کہا کہ صد رصادق کلب /ڈپٹی کمشنر سقراط امان رانا کو جب ایگزیکٹیو باڈی نے صادق کلب کے مختلف شعبوں کی اپ گریڈیشن و بہتری کے لئے اپنا پلان پیش کیا اور ساتھ ہی مالی وسائل کی کمی بارے آگاہ کیا تو انہوں نے بھر پور اعتماد سے ایگزیکٹیو باڈی کو کہا کہ وہ اپنی حکمت عملی مرتب کریں فنڈز ہم مل کر حاصل کرلیں گے اور یہ انہوں نے کرکے دکھایاآج فاطمہ فرٹیلائزر کی جانب سی30لاکھ روپے کی خطیررقم صادق کلب کو حاصل ہوئی ہے جبکہ دیگر ممبران نے بھی صادق کلب ریذیڈنسی کے توسیعی منصوبے اور کلب کی بہتری کے لئے فنڈز فراہم کئے جس پر میں تمام ممبران کی جانب سے ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

سینئر ممبر صادق کلب محمود خان درانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ صادق کلب میں اہم ایک خاندان کی طرح وقت گزارتے ہیں اور کی ترقی و بہتری کے لئے مل جل کر اپنا کردار ادا کریں گے۔