کسی بھی صارف کو ایک یونٹ بھی اضافی نہ ڈالاجائے، چیف ایگزیکٹو میپکو

جمعرات 23 نومبر 2017 22:29

ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2017ء) چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر محمد اکرم چوہدری نے کہا ہے کہ کسی بھی صارف کو ایک یونٹ بھی اضافی نہ ڈالاجائے ۔اضافی یونٹس ڈالنے والے متعلقہ افسران اور سٹاف کے خلاف کاروائی کریں گے ۔ وہ میپکو ہیڈ کوارٹر میں ویڈیوکانفرنس کے ذریعے ریجن کے زیر انتظام 9آپریشن سرکلوں کے سپریٹنڈنگ انجینئرز سے خطاب کررہے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ فیلڈ افسران غلط طریقوں سے لائن لاسز کم نہ کریں ۔ بجلی چوروں کے خلاف منظم کاروائی کریں اور ان سے نقصان وصول کریں ۔ سپریٹنڈنگ انجینئرز میپکو ریجن میں جہاں اے ایم آر میٹرز نصب ہیں وہاں اے ایم آر پر ہی بلنگ کروائیں اور تمام صارفین کو ان کے استعمال شدہ یونٹس کے مطابق درست بلنگ کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صارفین کو سہولیات فراہم کرنا ہماری ترجیح ہے ۔

صارفین سے موبائل نمبرز جلد از جلد حاصل کئے جائیں تاکہ انہیں ماہانہ بنیادوں پر میٹرریڈنگ ، بلنگ اور دیگر تفصیلات بھیجی جاسکیں ۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر نے سپریٹنڈنگ انجینئرز کو ہدایت کی کہ بلوں کی درستگی کے معاملات زیر التواء نہ رکھے جائیں اور صارفین کو فوری طورپر بل درست کرکے دئیے جائیں ۔ صارفین کی شکایات سنیں اور ان پر فوری طورپر ایکشن لیں ۔

انہوں نے کہا کہ ریجنل شکایات سنٹر میں تین شفٹوں میں 24گھنٹے سٹاف خدمات سرانجام دے رہاہے اگر کسی صارف کو غلط بلنگ کی شکایت ہو تو وہ ریجنل شکایات سنٹر کے ٹال فری نمبر0800-63726پراپنی شکایت درج کروائے ان کی شکایات کا فوری طورپر ازالہ کیاجائیگا۔اس موقع پر ڈائریکٹرجنرل ہیومن ریسورس محمد نعیم اللہ، چیف انجینئر کسٹمرسروسز خواجہ غلام یاسین، چیف انجینئر پلاننگ شاہد اقبال چوہدری، چیف انجینئر او اینڈ ایم عبدالعزیز نیازی، ایڈیشنل ڈائریکٹرجنرل انفارمیشن سسٹم میاں ندیم احمد اور دیگر شعبوں کے افسران بھی موجود تھے ۔