علمائے کرام و مذہبی رہنما امن و آشتی کا درس پھیلانے کیلئے بھر پور کردار ادا کریں،کمشنر گوجرانوالہ

جمعرات 23 نومبر 2017 22:28

گوجرانوالہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2017ء) کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن کیپٹن (ر) محمد آصف نے کہا ہے کہ علمائے کرام‘ مشائخ عظام اور مذہبی رہنما امن و آشتی کا درس معاشرے کی ہر سطح پر پھیلانے کیلئے بھر پور کردار ادا کریں ،موجودہ حالات کے تناظر میں ہر محب وطن پاکستانی کو قومی یکجہتی کیلئے انفرادی اور اجتماعی اقدامات کرنا ہوں گے ، وہ سرکٹ ہائوس میں ڈویژنل امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں عید میلادالنبی ؐ کے مقدس موقع پر فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی ترویج اور سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ، اجلاس میں ریجنل پولیس آفیسر گوجر انوالہ سلطان اعظم تیموری نے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ ڈویژن کے تمام اضلاع میں سکیورٹی پلان پر عمل درآمد کیلئے تعینات افسروں ، اہلکاروں اور دیگر اقدامات کے بارے میں تفصیلات بیان کیں،ڈویژنل امن کمیٹی کے اجلاس میں تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنر ز‘ پولیس سربراہان‘ چیئرمین امن کمیٹی قاری زاہد سلیم‘ مولانا سعید کلیروی ‘ سید الطاف الرحمن ‘ مولانا وسیم الحسن نقوی‘ علامہ جواد قاسمی ‘ علامہ ایوب ‘ علامہ کاظم ترابی‘ مولانا سعید احمد صدیقی‘ حافظ عبدالحمید‘ سید سعید احمد شاہ ‘ مفتی کفایت اللہ شاکر ‘ قاری ضیاء اللہ صاحبزادہ قاری خلیل الرحمن اوراقلیتی رہنما پروفیسر شہزاد لارنس نے بھی خطاب کیا، اس موقع پر مقررین نے ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھر پور تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔