Live Updates

عمران خان پر تنقید ، گلوکارہ قرة العین بلوچ تنقید کی زد میں آگئیں

جمعرات 23 نومبر 2017 21:38

عمران خان پر تنقید ، گلوکارہ  قرة العین بلوچ تنقید کی زد میں آگئیں
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 نومبر2017ء) نامور پاکستانی گلوکارہ قرةالعین بلوچ کو تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف نامناسب ٹوئٹ مہنگی پڑگئی ہے۔اپنی سریلی آواز سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقبولیت حاصل کرنیوالی گلوکارہ قرةالعین بلوچ المعروف ’کیوبی‘ویسے تو تنازعات سے دور رہتی ہیں تاہم پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کے خلاف کی گئی ایک ٹوئٹ نے انہیں اس وقت پاکستان کی متنازع ترین شخصیت بنادیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ایک ڈیجیٹل ویڈیو گردش کررہی ہے جو عائشہ گلالئی کے عمران خان پر لگائے گئے الزامات کے بارے میں ہے۔ اس ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے قرةالعین بلوچ نے عمران خان کے لئے نہایت نامناسب الفاظ استعمال کئے۔ اس ٹوئٹ پر عمران خان کی جانب سے تو فی الحال کوئی ردعمل نہیں آیا ہے تاہم ٹوئٹر صارفین نے گلوکارہ پر شدید تنقید کی ہے۔

(جاری ہے)

اب تک اس ٹوئٹ پر ہزاروں صارفین تبصرہ کرچکے ہیں۔

عمران خان کے حامیوں نے قرةالعین بلوچ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ کیو بی نے جو الفاظ عمران خان کے لیے استعمال کیے، کیا وہ خود اپنے لیے وہی الفاظ سننا پسند کریں گی۔ایک صارف اسامہ میر نے اپنے ٹوئٹ میں قرةالعین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’میں آپ کا بہت بڑا مداح ہوں اور آپ کے کام کی بے حد عزت کرتاہوں لیکن افسوس کی بات ہے آپ کی اس حرکت سے میری نظروں میں آپ کے لیے احترام ختم ہو چکا ہے، اگر آپ کسی کو پسند نہیں کرتیں تو اس کابہترین طریقہ یہ ہے کہ اس شخص کو نظر انداز کیا جائے، شرم کی بات ہے۔ جب کہ دیگر صارفین نے درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بدتمیزی کے بارے میں سب مل کر ٹوئٹر سے شکایت کریں۔۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :