سوئی سدرن گیس کمپنی چھاپہ مار ٹیم کا جیل ملازمین کی رہائشی کالونی میں چھاپہ‘ 42 سرکاری کوارٹروں میں گیس چوری پکڑی گئی

جمعرات 23 نومبر 2017 21:17

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2017ء) سوئی سدرن گیس کمپنی کی چھاپہ مار ٹیم کی سینٹرل جیل کے احاطے میں جیل ملازمین کی رہائشی کالونی میں چھاپہ‘ 42 سرکاری کوارٹروں میں گیس چوری پکڑی گئی‘ چھاپہ مار ٹیم نے کنکشن منقطع کرکے گیس چوری میں ملوث ملازمین کے خلاف کارروائی کے لئے جیل حکام کو لیٹر بھیج دیا‘ سوئی سدرن گیس کمپنی حیدرآباد کی چھاپہ مار ٹیم نے ریجنل منیجر عبدالرشید لغاری اور ڈپٹی چیف انجینئر ایاز رحیم میمن کی نگرانی میں سینٹرل جیل حیدرآباد سے ملحقہ جیل ملازمین کی رہائشی کالونی میں کارروائی کی‘ اس دوران ٹیم نے گیس چوری کرنے والے 42 سرکاری کوارٹروں کے کنکشن منقطع کردیئے اور سامان ضبط کرلیا‘ اس موقع پر ریجنل منیجر عبدالرشید لغاری کا کہنا تھا کہ سینٹرل جیل کی رہائشی کالونی میں گذشتہ 8 سال سے گیس چوری کی جارہی تھی جس کی مالیت لاکھوں روپے بنتی ہے‘ انہوں نے بتایا کہ گیس چوری میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی اور جرمانے کی ادائیگی کے لئے جیل حکام کو لیٹر لکھ دیا ہے‘ اس موقع پر سوئی سدرن گیس کمپنی کے اسسٹنٹ منیجر مرتضیٰ میمن‘ وسیم قاضی‘ مخدوم تنویر احمد ودیگر بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :