ہری پور میں ربیع الاولؐ کے جلوسوں کیلئے اجازت اور مرکزی جلوس پر لائوڈ سپیکر کی پابندی ختم کر دی گئی

ربیع الاول شریف کے مبارک مہینہ میں امن و امان کے قیام کیلئے علماء کرام، انتظامیہ اور عاشقان مصطفیؐ ملکر کوشش کریں گے اسسٹنٹ کمشنر عدنان جمیل اور ڈی ایس پی ہیڈ کواٹرز صابر خان کا مرکز اہلسنت میں میلاد کمیٹیوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب

جمعرات 23 نومبر 2017 21:13

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2017ء) ہری پور میں ربیع الاولؐ کے جلوسوں کیلئے اجازت اور مرکزی جلوس پر لائوڈ سپیکر کی پابندی ختم کر دی گئی، ربیع الاول شریف کے مبارک مہینے میں امن و امان کے قیام کیلئے علماء کرام، انتظامیہ اور عاشقان مصطفیؐ ملکر کوشش کریں گے، ہم سب ایک نبی کے امتی ہیں، آپ کی تعلیمات پر چلتے ہوئے اخوت و بھائی چارے کو فروغ دیں گے۔

ان خیالات کا اظہار اسسٹنٹ کمشنر عدنان جمیل اور ڈی ایس پی ہیڈ کواٹرز صابر خان نے مرکز اہلسنت میں ہری پور کی جملہ میلاد کمیٹیوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ واضح رہے کہ جملہ میلاد کمیٹیوں کا مشترکہ اجلاس اے آر سیکے زیر اہتمام مرکز اہلسنت جامعہ عثمانیہ تلوکر میں منعقد ہوا جس میں اسسٹنٹ کمشنر عدنان جمیل، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز صابر خان، عالمی مبلغ اسلام علامہ شفیق الرحمن قادری، جے یو پی کے ضلعی صدر حافظ عبدالخالق اعوان، تحریک لبیک یا رسول الله کے ڈویژنل امیر مفتی عمیر الازہری، حافظ محمد شیراز خان، قاری غلام کبر یا، مفتی اظہر محمود اظہری، راجہ شمیم انور، علامہ حنیف خان جدون، اے ٹی ای کے جنرل سیکرٹری حاجی فرحت نواز و دیگر علماء کر ام کی بڑ ی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مقررین نے میلاد جلوسوں میں ضلعی انتظامیہ کی شرکت، جلوس کیلئے سیکورٹی کے علاوہ میونسپل کمیٹی اور محکمہ صحت کی ایمرجنسی ٹیموں کی تعیناتی، جلوسوں کیلئے اجازت ناموں کا خاتمہ اور ضلعی و تحصیل سطح پر میلاد جلوسوں کے انعقاد کا مطالبہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر عدنان جمیل نے کہاکہ ضلعی انتظامیہ میلاد کمیٹیوں کے ساتھ بھرپور تعاون کے علاوہ خود بھی جلوسوں میں شرکت یقینی بنائے گی جبکہ ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز صابر خان نے اس موقع پر اعلان کیا کہ اے آر سی کے مطالبہ پر میلاد جلوسوں کیلئے اجازت نامہ کی شرط ختم کر دی گئی ہے، مرکزی میلاد کے جلوس کیلئے سپیکر کی پابندی بھی موقوف کر دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے بطور ایس ایچ او بھی اپنے فرائض انجام دیئے ہیں اور حسب سابق ہم سب ملکر میلاد جلو سوں کے پرامن انعقاد کیلئے اپنی اپنی کاوشیں کریں گے۔

متعلقہ عنوان :