سکردو،جب تک گلگت بلتستان کو ٹیکس فری زون قرار نہیں دیا جاتا ہے ہم سٹرکوں سے اُٹھ کر گھر نہیں جائینگے ،صدر انجمن تاجران

جمعرات 23 نومبر 2017 21:01

سکردو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 نومبر2017ء)صدر انجمن تاجران غلام حسین اطہر نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کو ٹیکس فری زون قرار دینے تک سڑکوں سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ، گلگت بلتستان کے عوام ظالمانہ ٹیکسز کے خلاف متحد ہیں اور حکومت کی کسی بھی چال اور دھوکہ میں آنے کے لیے تیار نہیں لوگ سمجھ چکے ہیں کہ حکومتی ایجنٹ انکی صفوں میں انتشار پیدا کر کے ہمارے مشترکہ قومی کاز کو کمزور کرنا چاہتے ہیں ۔

بروز جمعرات انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ ضلع گانچھے اور کھرمنگ کے بعد ابھی شگر کے عوامی رابطہ مہم کے دورے پر ہوں ، اور ہر جگہ عوام ہمارے موقف کیساتھ ہیں انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کے ٹکروں پر پلنے والے ترجمان فیض اللہ فراق کو خطے کی حساسیت تاریخی ، جغرافیائی اور زمینی حقائق کو مسخ کر کے اخبارات میں کالم لکھ کر اپنی نوکری پکی کرنے کے بجائے اس خطے کا باشندہ بننے کی ضرورت ہے ،انہوں نے کہا کہ ہم نے ہر دور میں ٹیکسز اور دیگر ناانصافیوں کے خلاف آواز اُٹھائی ہے اور اس وقت کے اخبارات اس بات کے گواہ ہیں اور بلتستان کے صحافی اسکے عینی شاہد ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام نے فیصلہ کر لیا ہے کہ جی بی کو آئینی حقوق دینے بغیر کوئی بھی ٹیکس دینے کیلئے تیار نہیں ہیں ،جب تک جی بی کو ٹیکس فری زون قرار نہیں دیا جاتا ہے ہم سٹرکوں سے اُٹھ کر گھر نہیں جائینگے ، انہوں نے کہا کہ مقررہ تاریخ کو تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام اور عوام سے مشاورت کے بعد گلگت لانگ مارچ کا بھی فیصلہ کیا جا سکتا ہے ۔