قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی و قومی احتساب بیورو کے اشتراک سے قائم کیریکٹر بلڈنگ سوسائٹی کے عہدیداروں نے حلف اٹھالیا

ڈائریکٹر نیب جی بی ریجن نعمان اسلم نے عہدیداروں سے حلف لیا، قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے طلباء معاشرے میں کرپشن کیخلاف شعوری مہم چلانے میں برسرپیکار ہیں، وائس چانسلر

جمعرات 23 نومبر 2017 20:58

گلگت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 نومبر2017ء) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی اور قومی احتساب بیورو کے اشتراک سے یونیورسٹی میں قائم کیریکٹر بلڈنگ سوسائٹی کی نئے عہدیداروں نے حلف اٹھالیا، ڈائریکٹر نیب جی بی ریجن نعمان اسلم نے عہدیداروں سے حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خلیل احمد، رجسٹرار ڈاکٹر عبدالحمیدلون، ایڈیشنل رجسٹرار محمد افضل، اساتذہ، فیکلٹی کوآرڈینٹرز ،15شعبہ جات میںقائم کیریکٹر بلڈنگ سوسائٹیز (سی بی ایس) کے سابق اور موجودہ عہدیداران اور طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خلیل احمد نے کہاکہ KIUکے طلباء معاشرے میں کرپشن کے خلاف شعوری مہم چلانے میں برسرپیکار ہیں۔

(جاری ہے)

اپنے آپ سے اصلاح کا آغازکریں۔ معاشرے میں خود بخود سدھار آجائیں گے۔وائس چانسلر نے کہا کہ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کرپشن کے خلاف جہاد میں نیب کے شانہ بشانہ کھڑی ہونگی۔ نیب نے تعلیمی اداروں میں کرپشن کے خلاف آگہی دینے کا اہم سلسلہ شروع کیا ہے۔

وائس چانسلر نے کہا کہ کرپشن کا مطلب صرف غیر قانونی طریقے سے پیسے بنانا نہیں ہے بلکہ اپنی ذمہ داریوں سے کوتاہی برتنا بھی کرپشن ہے۔ کرپشن سے پاک معاشرہ بنانا ہم سب کا فرض ہے۔ حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیب جی بی ریجن کے ڈائریکٹر نعمان اسلم نے کہا کہ ملک کے دوسرے صوبوں کی نسبت گلگت بلتستان میں لوگوں کا کردار بہت بہترہیں۔

لوگوں میں شعوری مہم چلاکر ہم اس معاشرے میں موجود گنے چنے کرپشن کے واقعات پر مکمل قابو پایا جاسکتاہے۔ نعمان اسلم نے کہا کہ ہم اپنے اسلاف اور اسلامی ہیروز کو مشعل راہ بنادیں تو ہم دنیوی اور اخروی دونوں زندگی میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔ کرپشن سے لڑنے کیلئے صرف طاقت کا استعمال نہیں ہوتا بلکہ اس کیلئے علم ، شعور اور قانون سے آگاہی ضروری ہے۔

اگر آ پ قانون سے واقفیت رکھتے ہیں،تو آپ کرپٹ فرد یا کرپٹ سسٹم کے گرد گھیرا تنگ کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کرپشن انفرادی لیول سے شروع ہوتاہے، کرپشن صرف مال لوٹنے کا نام نہیں بلکہ یہ ایک سوچ کانام ہے۔ نعمان اسلم نے KIUانتظامیہ کا شکریہ ادا کیا کہ جنھوں نے اپنے فیکلٹی سٹاف اور طلباء کے ذریعے شعوری مہم میں ہمارا بھرپور ساتھ دیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر عبدالحمیدلون نے اس معاشرے کو کرپشن سے پاک معاشرہ بنانے کیلئے طلباء اور سوسائٹیز کے کردار اور اہمیت پر روشنی ڈالی اور کرپشن کو معاشرے کیلئے ناسور قرار دیا۔ اس سے قبل تقریب سے ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے سی بی ایس کے صدر دلپذیر نے خطاب کیا اور اپنے ایک سالہ کارکردگی پر روشنی ڈالی۔

متعلقہ عنوان :