قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے کوالٹی انہانسمنٹ سیل کے زیراہتما طلبہ و طالبات کیلئے چار روزہ تربیتی نشست شروع ہوگئی

یہ تربیتی نشست صرف فائنل ایئر کے طلباء کیلئے رکھی گئی ہے، کیونکہ آپ اب عملی زندگی میں داخل ہورہے ہیں،وائس چانسلر

جمعرات 23 نومبر 2017 20:58

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 نومبر2017ء) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے کوالٹی انہانسمنٹ سیل کے زیراہتمام چارروزہ تربیتی نشست شروع ہوگئی، انٹرویو دینے اور اچھے اخلاق کے موضوع پر منعقدہ تربیتی نشست میںلیکچر دینے کیلئے ماہر تعلیم نورمحمد جو ہائرایجوکیشن کمیشن میں سابق کوآرڈینٹر اور ماسٹر ٹرینر تھے کو مدعو کیا گیا ہے ،چار روزہ تربیتی نشست کی افتتاحی تقریب مشرف ہال میں منعقدہوئی جس میں ریسورس پرسن نورمحمد کے علاوہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خلیل احمد ، ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل میر تعظیم اختر کے علاوہ اساتذہ اور فیکلٹی آف سوشل سائنسز و ہیومنٹیز کے بی ایس آٹھویں سمسٹر اور ماسٹر فورتھ سمسٹر کے طلبہ و طالبا ت نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خلیل احمد نے کہا کہ ہم نے جس طرح فیکلٹی سٹاف کو تربیتی نشست کا اہتمام کرتے ہیں اس طرح طلباء کیلئے بھی یہ سلسلہ شروع کیا ہے،یہ تربیتی نشست صرف فائنل ایئر کے طلباء کیلئے رکھی گئی ہے، کیونکہ آپ اب عملی زندگی میں داخل ہورہے ہیں ۔

(جاری ہے)

ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے طلباء یہاں سے فارغ ہوکر معاشرے میں اچھے نام سے پہنچانا جائے،آپ اس ادارے کے سفیر ہیں،ہمیں امید ہے آپ جہاں بھی ہونگے آپ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کی ترجمانی کریںگے۔

اس سے قبل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر کیو ای سی میر تعظیم اخترنے کہا کہ فائنل سمسٹر ز کے طلباء کی کردار سازی اور عملی زندگی میں آگے بڑھنے کے طریقہ ہائے اور اصول سکھانے کیلئے اس نشست کا اہتمام کیا گیاہے۔ زیادہ سے زیادہ اس سے استفادہ کرنے کی کوشش کریں تاکہ آپ فارغ التحصیل ہوکر معاشرے میں کامیاب زندگی گزارنے کے اصولوں پر گامزن ہو۔

میر تعظیم نے کہاکہ نورمحمد کا تعلق ملک کے نامور ماہرین تعلیم میں ہے۔ جنھوں نے بڑے بڑے تعلیمی اداروں میں طلباء کے علاوہ اساتذہ، بیوروکریٹس کو ٹریننگ دیئے ۔ لہذا انکی صلاحیتوں اور تجربات سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ واضح رہے کہ ریسورس پرسن نورمحمد پہلے سیشن میں فیکلٹی آف سوشل سائنسز کے بی ایس اور ماسٹر کے فائنل سمسٹر کے طلباء کو انٹرویو کی مہارت و اچھے اخلاق اور دوسرے سیشن میں وقت کی اہمیت پر لیکچر دینگے۔جبکہ تیسرے اور چوتھے سیشن میں فیکلٹی آف لائف سائنسز کے طلباء کو انہی موضوعات پر لیکچر دینگے۔