حکومت نے رکاوٹوں کے باوجود عوامی خدمت کے مشن کو جاری رکھا ہو اہے، شہباز شریف

ہمارے دور میں پر امن،روشن اور معاشی طور پر مضبوط پاکستان ابھر کر سامنے آیا ، سیاسی و عسکری قیادت کے اتفاق رائے سے کئے گئے فیصلوں کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور دہشت گردوں کی کمر توڑ دی گئی ہے، عوام کوریلیف کی فراہمی اورخدمت خلق مسلم لیگ (ن) کی حکومت کااوڑھنا بچھونا ہے ،شفافیت، برق رفتاری اوراعلیٰ معیارکے ساتھ منصوبوں کی تکمیل پنجاب حکومت کا خاصا ہے، پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کرنے کیلئے دن رات ایک کیا ہوا ہے، دھرنا دینے والے سیاسی عناصر نے ہمیشہ عوام کی تکالیف اور مسائل بڑھانے کی کوشش کی، وزیر اعلی پنجاب کی اراکین اسمبلی سے گفتگو

جمعرات 23 نومبر 2017 20:44

حکومت نے رکاوٹوں کے باوجود عوامی خدمت کے مشن کو جاری رکھا ہو اہے، شہباز ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 نومبر2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ عوام کوریلیف کی فراہمی اورخدمت خلق مسلم لیگ (ن) کی حکومت کااوڑھنا بچھونا ہے ۔ عوام کے مسائل حل کر کے ان کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لئے اربوں روپے کے وسائل مہیا کئے گئے ہیں اور شفافیت، برق رفتاری اوراعلیٰ معیارکے ساتھ منصوبوں کی تکمیل پنجاب حکومت کا خاصا ہے۔

پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کرنے کیلئے دن رات ایک کیا ہوا ہے۔ حکومت نے رکاوٹوں کے باوجود عوامی خدمت کے مشن کو جاری رکھا ہو اہے۔ عوام کی تکلیفوں کو راحت میں بدلنے کیلئے عزم اور جانفشانی سے کام کر رہے ہیں اور ہمارے دور میں پر امن،روشن اور معاشی طور پر مضبوط پاکستان ابھر کر سامنے آیا ہے۔

(جاری ہے)

وہ مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے جمعرات کو ان سے ملاقات کی۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متوازن ترقیاتی حکمت عملی کے تحت پسماندہ علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے اور دور دراز علاقوں میں عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے منصوبوں پر اربوں روپے خرچ کئے گئے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو جب اقتدار ملا تو ملک معاشی طور پر تباہ حال اور اندھیروں میں ڈوبا ہوا تھا۔

18، 18گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن کر رکھی تھی اور بدامنی کی آگ ملک میں ہر طرف پھیلی ہوئی تھی۔دہشت گردی اور توانائی بحران نے معیشت کو بری طرح متاثر کر رکھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی انتھک محنت کے باعث ملک سے اندھیرے دور ہوئے ہیں اور آج لوڈشیڈنگ نہ ہونے کے برابر ہے اور قصہ پارینہ بن چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی و عسکری قیادت کے اتفاق رائے سے کئے گئے فیصلوں کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور دہشت گردوں کی کمر توڑ دی گئی ہے اور قوم کو امن ملا ہے جس سے تجارتی ،معاشی اور سماجی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سواچار برس کے دوران دیانت کے ساتھ کی گئی محنت رنگ لارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے سفر کو تیزی سے طے کرنے کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ حالات میں انتشار یاافراتفری کی سیاست کی رتی بھربھی گنجائش نہیں۔قومی یکجہتی اوراتحاد کی جتنی اہمیت آج ہے پہلے کبھی نہ تھی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ اقدار کی سیاست کو ترجیح دی ہے۔ دھرنا دینے والے سیاسی عناصر نے ہمیشہ عوام کی تکالیف اور مسائل بڑھانے کی کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کے دعوے نہیں بلکہ عملی اقدامات کئے ہیں اور صوبہ بھر میں ترقیاتی منصوبوںکا جال بچھایا گیا ہے۔ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے خوشحالی کا دور دورہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ان کی دہلیز پربنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے اور عوام ترقی کے عمل کے ثمرات سے پوری طرح مستفید ہو رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ تبدیلی کے دعویداروں نے عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا۔انہوں نے اپنا تمام وقت دھرنوں اور منفی سیاست میں برباد کیا۔انہوں نے کہا کہ شعبدہ بازی ، دھرنے اور الزامات کی سیاست عوام کی خدمت نہیں بلکہ دکھی انسانیت کی خدمت ہی عبادت ہے اور ہم عوام کی خدمت عبادت سمجھ کرکررہے ہیں ۔ ہمارا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے اور جب تک سانس میں سانس ہے عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وسائل عوام کی امانت ہیں اور ایک ایک پائی دیانتداری کے ساتھ عوام کی فلاح وبہبود پر خرچ کررہے ہیں ۔توانائی منصوبوں کی برق رفتاری سے تکمیل پر دنیا حیران ہے۔ انہوں نے کہا کہ منفی اور الزامات کی سیاست کرنے والوں کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا۔آئندہ انتخابات میں عوام دھرنا سیاست کرنے والوں کا محاسبہ کریں گے۔ انہوںنے کہا کہ پرامن، خوشحال اور مستحکم پاکستان ہماری منزل ہے اوراس منزل کے حصول کی جانب تیزی سے رواں دواں ہیں۔

وطن عزیز کو قائدؒ اور اقبالؒ کا پاکستان بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔ وزیراعلیٰ نے اراکین اسمبلی کو تلقین کی کہ وہ عوام سے قریبی رابطہ رکھیں اور ان کے مسائل کے حل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔وزیراعلیٰ سیملاقات کرنے والوں میں رکن قومی اسمبلی چوہدری افتخار نذیر، اراکین صوبائی اسمبلی مہر محمد فیاض، جاوید علائوالدین ساجداور میاں مناظر حسین رانجھا شامل تھے۔