Live Updates

حکومت اور افواج پاکستان کی مشترکہ جدو جہد سے دہشت گردی کا خاتمہ اور پائیدار امن و امان کا قیام ممکن ہوا،

انجینئرامیر مقام نواز شریف کیساتھ دانستہ زیادتی کی گئی، عمران خان نے خیبر پختونخواہ کے عوام کے دئیے گئے مینڈیٹ کی توہین کی،دوآبہ میں جلسہ عام سے خطاب

جمعرات 23 نومبر 2017 20:28

ہنگو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2017ء) مشیر وزیر اعظم پاکستان و صوبائی صدر پاکستان مسلم لیگ ن انجینئرامیر مقام نے کہا ہے کہ حکومت اور افواج پاکستان کی مشترکہ جدو جہد سے دہشت گردی کا خاتمہ اور پائیدار امن و امان کا قیام ممکن ہوا۔میاں نواز شریف کیساتھ دانستہ زیادتی کی گئی۔نواز شریف نے محاذ آرائی کی سیاست نہیں کی۔

محاذ آرائی تو تب ہوتی جب میاں نواز شریف سپریم کورٹ کے فیصلے اور احکامات کے بعد بھی وزیر اعظم رہتے۔ عمران خان نے خیبر پختونخواہ کے عوام کے دئیے گئے مینڈیٹ کی توہین کی۔صوبے کا حلیہ بگاڑنے والے ملک کی بھاگ ڈور سنبھالنے کے خواب دیکھ رہے ہیں۔ضلع ہنگو کے تحصیل ٹل کے مرکزی مقام دوآبہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے کہا کہ نواز شریف ملک کے کروڑوں عوام کے دلوں کی دھڑکن ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی جائیداد اور اثاثے اُن کی محنت کا صلہ ہیں۔امیر مقام نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ مفاہمت،صبر و تحمل کی سیاست کی اور ملک کی ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کر کے اقوام عالم میں منفرد تشخص دلایا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کرکٹ کی طرح یوٹرن کے بھی چیمپیئن نکلے۔تبدیلی کے نام پر عوام کو دھوکہ دینے والوں نے پختونخواہ کے عوام کو 50سال پیچھے دھکیل دیا۔

انہوں نے کہا کہ یوٹرن خان ایک طرف حضرت عمر فاروقؓ کے عدل و انصاف کی مثالیں دیتے ہیں تو دوسری جانب ڈی آئی خان میں مظلوم لڑکی کی حمایت میں بات کرنے والوں کو پورٹی سے بھی نکال دیا۔ڈی آئی خان واقعہ کسی اور دور حکومت میں پیش آتا تو قیامت برپا کر دی جاتی۔امیر مقام نے کہا کہ عمران خان دوغلی پالیسی لیکر ملک میں سرخی پاوڈر کا انقلاب اور تبدیلی لانے چاہتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ میں حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آتی۔ایک کروڑ سے زائد درخت غائب کئے گئے جبکہ اشتہارات میں بھی سویزر لینڈ کی گاڑیوں کی تصاوریر چھاپی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ میٹرو منصوبہ کو جنگلہ بس قرار دینے والے آج خود پشاور میںخطیر رقوم سے لگے پھولوں کو ہٹا کر بس سروس کے آغاز کا سوچ رہے ہیں۔امیر مقام نے کہا کہ خیبر پختونخواہ سمیت ملک بھر کے عوام تحریک انصاف کی دوغلی سیاست کو یکسر مسترد کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ کے عوام نے ایم ایم اے، قوم پرستوں اور نام نہاد تبدیلی کے دعویداروں کی حکومتیں دیکھ لیں ہیں اور صوبے کے عوام کو محض احساس محرومی ،بد امنی،مہنگائی،بے روز گاری کے سوا کچھ نہیں دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی سیاسی حریفوں سے ہضم نہیں ہو رہی اور ذاتی اور سیاسی مفادات کے حامل عناصر ملک اور قوم کے خیر خواہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو جہاں بھی بلایا گیا وہ حاضر ہوا۔انہوں نے کہا کہ الیکشن 2018میں عوامی قوت سے پاکستان مسلم لیگ ن دوبارہ برسر اقتدار آکر ملک و قوم کی خدمت کا مشن جاری رکھی گی۔انجنیئر امیر مقام نے ضلع ہنگو میں گھر گھر تک گیس فراہمی سمیت 132کے وی بجلی سپلائی پاور لائن اور تحصیل ٹل میں نادرا آفس کے قیام کا بھی اعلان کیا۔دریں اثنا انجنیئر امیر مقام کا ہنگو پہنچنے پر صوبائی رہنماء مسلم لیگ ن و ضلعی صدر الحاج فرید مفکر کی قیادت میں پر تپاک استقبال کرتے ہوئے ہنگو سے دوآبہ جلسہ گاہ تک جلوس کی شکل میں لے جایا گیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات