ریلوے کی بحالی اور ترقی قوم کو امید اور ایک خوشحال پاکستان کا راستہ دکھاتی ہے‘خواجہ سعد رفیق

ترقیاتی منصوبوں کی جلد اور معیاری تکمیل کے لیے چاروں صوبوں کا خود بھی دورہ کرناپڑا تو ضرور کروں گا‘وزیر ریلویز

جمعرات 23 نومبر 2017 20:17

ریلوے کی بحالی اور ترقی قوم کو امید اور ایک خوشحال پاکستان کا راستہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2017ء) وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے قوم کی وحدت ، یکجہتی اور اتحاد کی ایک علامت ہے ، اس ادارے کی بحالی اور ترقی قوم کو امید اور ایک خوشحال پاکستان کا راستہ دکھاتی ہے،پاکستان ریلوے کی بہتری کے لیے اب ہمیں دن رات ایک کرنا ہے اور اگر مجھے ترقیاتی منصوبوں کی جلد اور معیاری تکمیل کے لیے چاروں صوبوں کا خود بھی دورہ کرناپڑا تو ضرور کروں گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سبی ہرنائی سیکشن کی بحالی ، کوہاٹ پنڈی ریل کے آغاز اور ملک بھر میں ریلوے اسٹیشنوں کی تعمیر نو کے حوالے سے مختلف اجلاسوں کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ریل کے سفر کو محفوظ بنانے کے لیے اقدامات کئے جارہے ہیں اور اس سلسلے میں مختلف قومی اداروں کے تعاون کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے کے افسران اپنے کام کی رفتار کو دوگنا کردیں تاکہ زیادہ سے زیادہ ترقیاتی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایاجاسکے۔ اجلاس میں قائم مقام چیف ایگزیکٹوآفیسر ہمایوں رشید ، ایڈیشنل جنرل منیجر ٹریفک عبدالحمیدرازی ، ایڈیشنل جنرل منیجر مکینیکل انصرباللہ خان ، ایف اے اینڈ سی اے او ڈاکٹر سعیداحمد سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔