عالم اسلام انتہائی مشکل حالات سے گزر رہا ہے، اعجاز احمد ہاشمی

اندرونی اور بیرونی دشمن فرقہ وارانہ اختلافات کو ہوا دے کے اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل چاہتے ہیں،مرکزی صدر جمعیت علما پاکستان

جمعرات 23 نومبر 2017 20:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 نومبر2017ء) جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ عالم اسلام انتہائی مشکل حالات سے گزر رہا ہے۔ اندرونی اور بیرونی دشمن فرقہ وارانہ اختلافات کو ہوا دے کے اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل چاہتے ہیں۔خاتم النبین حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہٰ وسلم کے میلاد پاک کے مبارک ربیع الاول جیسے مقدس اور بابرکت مہینے میں سعودی عرب اور ایران کو باہمی اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

دونوںباہمی رنجشوں کو ختم کرکے اتحاد بین المسلمین کا عملی مظاہرہ کریں۔ عالم اسلام میں مسلکی، لسانی اور علاقائی بنیادوں پر تقسیم کا فائدہ اب تک امریکہ اور اسرائیل اٹھا رہے ہیں۔ کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عرب لیگ کو ایران کے خلاف استعمال کرنا کسی صورت مناسب نہیں۔

(جاری ہے)

او آئی سی ممبر ممالک میں اتحاد کے لئے زمینہ ہموار کرنے میں متحرک کردار ادا کرے۔

مسلم ممالک کو فلسطین اور کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی حمایت میں سخت موقف اختیار کرنا چاہئے۔ کسے نہیں علم کہ حزب اللہ نے اسرائیل کو ناکوں چنے چبوائے اورمزاحمتی تحریک حماس کے ساتھ ہم آوازہوکر فلسطینیوں کے حقوق کے لئے آواز بلند کی۔ ایسے اتحاد سے اسلام دشمن طاقتیں خائف ہیں اور چاہتی ہیں کہ سنی شیعہ کی تفریق پر امت کو تقسیم کریں۔ دانشمندی کا تقاضا ہے کہ اس عالمی سازش کو اتحاد امت کے عملی مظاہرے سے ناکام بنایا جائے۔

ان کا کہنا تھاکہ داعش جیسی استعماری تنظیم نے مسلمانوں کی ثقافت ، اسلامی ورثے اور انبیاعلیہم السلام کے مزارات کو نقصان پہنچا کراہل ایمان کی د ل آزاری کی۔ داعش کے شام اور عراق سے خاتمے کی اطلاعات عالم اسلام کے لئے بڑی خوش خبری ہے۔اللہ تعالیٰ ان مجاہدین کی کاوشوں اور شہادتوں کو قبول فرمائے،جنہوںنے داعش ختم کرنے میں اپنے خون کا نذرانہ پیش کرکے جہاد کی عملی صورت قوم کے سامنے پیش کی ہے۔۔۔۔۔اعجاز خان

متعلقہ عنوان :