اسلام آباد ہائی کورٹ،ایم ڈی پی آئی اے کی تعیناتی کالعدم قرار د ینے کی درخواست پر فریقین سے جواب طلب

مزید سماعت 20دسمبر تک کیلئے ملتوی

جمعرات 23 نومبر 2017 20:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 نومبر2017ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے مینیجنگ ڈائریکٹر پی آئی اے کی تعیناتی کالعدم قرار دئیے جانے کے حوالے سے درخواست پر فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے مزید سماعت 20دسمبر تک کیلئے ملتوی کر دی۔ گزشتہ جمعرات کے روزاسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل سنگل رکنی بینچ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹراعظم سواتی کی جانب سے ایم ڈی پی آئی اے کی تعیناتی چیلنج کئے جانے کے حوالے سے دائر درخواست پر سماعت کی فاضل جج نے جب سماعت شروع کی تو درخواست گزار اپنے وکیل محسن کمال ایڈووکیٹ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے درخواست گزار نے عدالت کو بتایا ایم ڈی پی آئی اے نے ادارے کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیاہے ایم ڈی پی آئی اے کے ساتھ کوئی ذاتی مسئلہ نہیں ہے ادارے کو تباہی سے بچانا میرا فرض ہے۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے فاضل جج سے استدعا کی کہ ایم ڈی پی آئی اے مشرف رسول کی تعیناتی غیر قانونی ہے ادارہ دن بدن خسارے میں جا رہا ہے ایم ڈی پی آئی اے کی تعیناتی کو کالعدم قرار دیا جائے بعدازاں عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کی استدعا منظور کرتے ہوئے ایم ڈی پی آئی اے مشرف رسول اور سیکرٹری سول ایوی ایشن اتھارٹی کو طلبی کے نوٹسز جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 20دسمبر تک کیلئے ملتوی کردی۔۔۔۔۔وحید ڈوگر

متعلقہ عنوان :