وفاقی محتسب نے چھوٹے گریڈ کے لاکھوں ملازمین کے ہائوس رینٹ کا دیرینہ مطالبہ نمٹادیا

انصاف کی فراہمی کے لیے مزید اقداما ت کی ضرورت پر زور،سائلین کو کسی صورت مایوس نہیں کیا جائے گا

جمعرات 23 نومبر 2017 20:03

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 نومبر2017ء)وفاقی محتسب نے چھوٹے گریڈ کے لاکھوں ملازمین کے ہائوس رینٹ کا دیرینہ مطالبہ نمٹاتے ہوئے کہا ہے کہ انصاف کی فراہمی کے لیے مزید اقداما ت کرنے کی ضرورت ہے ۔سائلین کو کسی صورت مایوس نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق وفاقی محتسب طاہر شہباز کو چند سرکاری ملازمین نے درخواست دی کہ وزارت خزانہ نے بجٹ 2016-2017میں گریڈ ایک سے لیکر پانچ تک سرکاری ملازمین کے ہائوس رینٹ ماہانہ تنخواہ سے نہ کاٹنے کا اعلان کیا تھا ،تاہم چھ ماہ سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے باوجود وزارت ہائوسنگ اور خزانہ معاملہ کو مزید الجھاتے ہوئے نوٹیفیکشن نہیں کر رہے ۔

وفاقی محتسب نے درخواست سینئر ایڈوائزر محتسب حافظ احسان کھوکھر کے سپر د کی جنہوں نے دو سماعتوں کے بعد وزارت خزانہ اور ہائوسنگ سے باقاعدہ نوٹیفکیشن لیکر لاکھوں چھوٹے ملازمین کے دیرینہ مسئلہ کو حل کر دیا ہے ۔وفاقی محتسب طاہر شہباز نے چند دنوں میں درخواست پر فیصلہ اور نوٹیفکیشن جاری کرنے پر کام کو سراہا ،اور مزید کہا کہ انصاف کی جلد فراہمی کے لیے مزید بھی اقداما ت کرنے کی ضرورت ہے ۔۔۔۔۔۔۔۔ظفر ملک