سینٹ الیکشن سے قبل پارٹی میں دراڑ نہ پڑنے دیں،

معمولی رنجشیں دور کی جائیں،نواز شریف کو قریبی حلقوں کا مشورہ سابق وزیراعظم کی ہدایت پر شاہد خاقان عباسی نے ارکان اسمبلی سے ملاقاتیں کر کے انکے حلقہ کے مسائل پر بریفنگ کیلئے ملاقاتوں کا شیڈول دیدیا

جمعرات 23 نومبر 2017 20:03

سینٹ الیکشن سے قبل پارٹی میں دراڑ نہ پڑنے دیں،
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 نومبر2017ء) سابق وزیراعظم نواز شریف کی ہدایت پر وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے ارکان اسمبلی سے ملاقاتیں کر کے انکے حلقہ کے مسائل پر بریفنگ لینے کے لیے درجنوں ارکان کو ملاقاتوں کا شیڈول دیدیا ہے ۔مسلم لیگ ن کے ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ نواز شریف نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو ہدایت کی ہے کہ سندھ ،بلوچستان ،کے پی کے اور پنجاب کے لیگی ارکان اسمبلی سے ملاقاتیں کرکے انکے حلقوں کے مسائل پر مکمل بریفنگ لیکر انہیں فوری حل کرنے کی بھی کوشش کریں ۔

نواز شریف نے مزید کہا کہ الیکشن کی تیاری کے لیے ملک بھر میں لیگی ایم این ایز کے حلقوں میں ترقیاتی کاموں کے لیے مزید بجٹ بھی مختص کیا جائے ۔وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے ارکان اسمبلی سے ملاقاتیں کرنے کے لیے شیڈول جاری کرنیکا حکم دیدیا ہے ۔

(جاری ہے)

ملاقاتیں کرنے کے لیے ایک ماہ کا وقت رکھا گیا ہے ایک ماہ میں ہی تمام لیگی ممبران سے ملاتاتیں کی جائیں گی ۔

دوسری جانب نواز شریف دسمبر میں ملک بھر میں اپنے جلسے منعقد کرنے کے لیے مریم نوا زکو ٹاسک دے چکے ہیں ،نواز شریف کے قریبی حلقوں نے انہیں مشورہ دیا ہے کہ سینٹ الیکشن سے قبل وہ پارٹی میں دراڑ نہ پڑنے دیں اور معمولی رنجشیں دور کی جائیں اور تمام اضلاع میں سینیٹر ز اور ارکان اسمبلی کے تعاون سے جلسے بھی کریں تاکہ آئندہ الیکشن کا ماحول بن سکے ۔۔۔۔۔ ۔ظفر ملک