حافظ آباد مصالحتی سنٹر نے مقدمات کو نمٹانے کی ڈبل سینچری مکمل کر لی

اے ڈی آر سنٹر نے چند ماہ کی قلیل مدت میں قابل راضی تنازعات کے 200مقدمات کو فریقین کی رضا و رغبت سے حل کرکے صوبہ بھر میں مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کیا

جمعرات 23 نومبر 2017 19:23

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 نومبر2017ء) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس سید منصور علی شاہ کی خصوصی ہدایت پر قابل راضی نامہ تنازعات کو افہام و تفہیم سے مل بیٹھ کر حل کرنے کے لیے بنائے گئے اے ڈی آرسنٹر (مصالحتی سنٹر) حافظ آباد نے گزشتہ روز مقدمات کو نمٹانے کی ڈبل سینچری مکمل کر لی ۔اے ڈی آر سنٹر نے چند ماہ کی قلیل مدت میں قابل راضی تنازعات کے 200مقدمات کو فریقین کی رضا و رغبت سے حل کرکے صوبہ بھر میں مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور اب لوگوں کی بڑی تعداد اپنے مقدمات خود اے ڈی آر سنٹر میں ٹرانسفر کرنے کی درخواست کرتے ہیں جو کہ اس نظام پر عوام کے اعتماد کا واضح ثبوت ہے ۔

یہ بات ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج حافظ آباد چودھری محمد نواز نے مصالحتی سنٹر کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کے موقع پر کہی ۔

(جاری ہے)

سینئر سول جج عامر شہزاد اور مصالحتی سنٹر کے جج الیاس رضا ناصر اجلاس میں شریک ہوئے ۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن نے کہا کہ طویل مقدمہ بازی ،وقت اور پیسے کا ضیاع اور لڑائی جھگڑوں ،دشمنی سے تنگ فریقین خودیہ چاہتے ہیں کہ مصالحتی سنٹر کے ذریعے انکا معاملہ فوری حل ہو جائے اور مصالحتی سنٹر کی کارکردگی اس لحاظ سے بڑی مثالی ہے کہ چند ماہ کی قلیل مدت میں سالہا سال سے لٹکے مقدمات حل ہوئے ہیں اور اُجڑتے گھر اور خاندان پھر سے ہنسی خوشی مل جل کر رہنے لگے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز بھی میاں بیوی کے لڑائی جھگڑے کے معاملہ کو خوش اسلوبی سے حل کروایا گیا ہے اور یوں طلاق ہوتے ہوتے وہ دوبارہ اپنے گھر کو آباد کرنے پر رضا مند ہو گئے ۔مصالحتی سنٹر کی ابتک کی کارکردگی کے حوالہ سے بریفنگ دیتے ہوئے سینئر سول جج عامر شہزاد اور سول جج /نگران جج مصالحتی سنٹر الیاس رضا ناصر نے بتایا کہ اس سنٹر کے قیام کے بعد اسے 280مقدمات بھجوائے گئے جن میں سے 41مقدمات فوجداری ،123سول ،104فیملی ،8اپیل اور 4متفرق کیس تھے ۔

انہوں نے کہا کہ فریقین کی غیر حاضری کی وجہ سے 47کیس دوبارہ متعلقہ عدالتوں کو واپس کر دیئے گئے جبکہ صرف چھ مقدمات ایسے تھے جن میں کوشش کے باوجود صلح صفائی نہ ہو سکی۔انہوں نے بتایا کہ فریقین کی رضا مندی اور جوڈیشل افسران ،وکلاء کی مخلصانہ کوششوں سے گزشتہ روز تک 200مقدمات کو خوش اسلوبی سے نمٹا دیا گیا ہے ۔