مختلف بازاروں میں ٹریفک پولیس کا تجاوزات کیخلاف گرینڈ آپریشن ،130ملزمان گرفتار

آپریشن کے دوران ہتھ ریڑھیاں چھوڑ کر بھاگنے والے ہتھ ریڑھی بانان کی ہتھ ریڑھیوں سے پہیے نکال کر ضبط کرلئے گئے

جمعرات 23 نومبر 2017 19:19

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2017ء) ٹریفک پولیس نے ٹریفک جام کی شکایت پر صوبائی دارالحکومت پشاور کے علاقوں جی ٹی روڈ، خوشحال بازار، دلہ زاک روڈ، فردوس بازار، جناح پارک روڈ اور چارسدہ روڈ پر تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن ہوئے 130ملزمان کوگرفتارکرلیاجبکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 200سے زائد گاڑیوں کا چالان کیا، آپریشن کے دوران ہتھ ریڑھیاں چھوڑ کر بھاگنے والے ہتھ ریڑھی بانان کی ہتھ ریڑھیوں سے پہیے نکال کر ضبط کرلئے گئے۔

۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ٹریفک یاسر آفریدی کی ہدایت پر ڈی ایس پی ٹریفک ہیڈ کوارٹر گوہر علی خان کی نگرانی میں ایس ایچ او ٹریفک ممتاز خان نے بمعہ نفری گزشتہ روز جی ٹی روڈ، خوشحال بازار، دلہ زاک روڈ، فردوس بازار، جناح پارک روڈ اور چارسدہ روڈ پرتجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا۔

(جاری ہے)

آپریشن کے دوران تجاوزات کا سبب بننے والے مزید 130ملزمان کو گرفتار کیا ۔

آپریشن کے حوالے سے ڈی ایس پی ٹریفک ہیڈکوارٹر گوہر علی خان نے بتایا کہ تجاوزات کے خلاف یہ آپریشن ہم ٹریفک کو رواں رکھنے کے لئے کررہے ہیں، اس میں کسی کے ساتھ کوئی امتیازی سلوک نہیں کیا جاتا، آپریشن کی ہدایت ایس ایس پی ٹریفک یاسر آفریدی نے دی ہوئی ہے جبکہ آپریشن میری نگرانی میں ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ آپریشن اس قت تک جاری رہے گا جب تک تجاوزات کاسبب بننے والا ایک بھی ملزم باقی ہو۔

انہوںنے کہا کہ باربار وارننگ کے باوجود تجاوزات کا سبب بننے والے ریڑھی بانان اور چھابڑی فروش روڈ اور فٹ پاتھوں قابض ہوگئے تھے مجبوراً ہم نے ان کے خلاف ٹریفک پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ کارروائی کی۔ انہوں نے بتایا کہ ہتھ ریڑھی بانان اور چھابڑی فروشوں کی بڑی تعداد نے مختلف شاہراہوں اور فٹ پاتھوں پر سبزی اور فروٹ کی ہتھ ریڑھیاں لگائے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر پیدل دشوار ہوگیا ہے ساتھ ساتھ ٹریفک جام کا سبب بھی بن رہے ہیں، جس پر ہم نے کارروائی کرتے ہوئے گزشتہ روز 130 ملزمان کو گرفتار کیا۔

انہوں نے کہا کہ پشاور شہر کو تجاوزات سے پاک کرنے کے لئے ہمیں تاجران اور عوام کا تعاون درکار ہے تاجران کو چاہئے کہ وہ اپنی دکان کے باہر خود بھی آشیاء نہ رکھیں اور ہتھ ریڑھی بانان کو بھی دکانوں کے باہر ہتھ ریڑھیاں کھڑی کرنے کی اجازت نہ دیں تاکہ شاہراہیں کھلی رہیں اور ٹریفک سمیت فٹ پاتھوں پر چلنے والے شہریوں کو بھی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر ٹریفک پولیس گوہر علی خان نے عوام سے بھی مطالبہ کیا کہ تجاوزات کے خاتمے کے لئے وہ ٹریفک پولیس کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں کیونکہ عوام کے تعاون کے بغیر تجاوزات کے خاتمے میں ہمیں سو فیصد کامیابی حاصل نہیں ہوسکتی۔

متعلقہ عنوان :