میلاد منانا باعث رحمت و برکت ہے ، مولانا عبداللطیف قادری

جمعرات 23 نومبر 2017 19:19

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2017ء)مرکزی جلوس میلاد کمیٹی غوث اعظم و دھمیال روڈ راولپنڈی کے جنرل سیکرٹری مولانا عبداللطیف قادری نے کہا ہے کہ حضورنبی کریم ﷺ کی ولادت با سعادت اللہ کریم کا دنیا اور انسانیت پر عظیم احسان ہے، آپﷺ کا میلاد منانا باعث رحمت و برکت اور جزو ایمان ہے۔ختم نبوتﷺ کے قانون میں ترمیم کرنے والے عناصر کے خلاف دیے جانے والے دھرنے کے شرکاء کے جائز مطالبات کسی ایک مسلک یا گروہ کے نہیں بلکہ پورے پاکستان کے مسلمانو ں کے مطالبات ہیں، حکومت تمام مطالبات فوری تسلیم کرے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید میلاد النبی کی تیاریوں کے حوالے سے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تمام کمیٹیوں کے صدور اور ذمہ داران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

مولانا عبداللطیف قادری نے کہا کہ عاشقان مصطفے ﷺ جشن عید میلاد النبیؐ کو شایان شان طریقے سے منانے کے لئے اپنے اپنے علاقوں میں محافل میلاد اور کانفرنسز کا انعقاد کر رہے ہیں جشن عید میلاد النبی ﷺ کے جلوس کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، جلوس کے راستوں کو رنگ برنگی جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجا یا جا رہاہے جبکہ میلاد کمیٹیوں کو جلوس میں شرکت کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کر دئے گئے ہیں ۔

جلوس کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کیلئے ہر میلاد کمیٹی کے دو ارکان ناظم جلوس کے فرائض سر انجام دیں گے، 12ربیع الاول کا جلوس کا آغازپیر مہر علی شاہ ٹائون غوث اعظم روڈ (سابقہ چکری روڈراولپنڈی سے ہو گا جس کی قیادت سرپر ست اعلیٰ شیخ الحدیث مفتی قاضی سعیدالرحمن قادری مرکزی جلوس میلاد کمیٹی کے صدر خلیفہ صوفی حامد نواز نقشبندی ،مولانا اشتیاق قادری،مولانا افضل قادری،مولانا شفیق ا لرحمن ہزاروی کریں گے۔