صومالیہ کا پاکستان کے ساتھ تجارتی روابط بڑھانے کے لیے ٹھوس اقدامات کا اعلان

جمعرات 23 نومبر 2017 19:19

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2017ء) صومالیہ کی سفیر خدیجہ محمد المخزومی نے کہاہے کہ صومالیہ پاکستان کے ساتھ اپنے تجارتی روابط کو مرکزی حیثیت دیتا ہے اور پاکستان کے ساتھ تجارتی روابط بڑھانے کیلیے ہر سطح پر اقدامات اٹھائے جائیں گے، فشریز، زراعت، لائیو سٹاک اور ادویات کے شعبے میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے دوران تاجروں و صنعت کاروں کے ساتھ اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ۔

ان کے ہمراہ کمرشل اتاشی خادردین گولید بھی ہمراہ تھے۔ اس موقع پر صدر چیمبرزاہد لطیف خان،سینئر نائب صدر ناصر مرزا،نائب صدر خالد فاروق قاضی، سابق صدور ڈاکٹر شمائیل داود، راجہ عامر اقبال ، اراکین مجلس عاملہ اور دیگر ممبران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

صومالیہ کی سفیر خدیجہ محمدنے کہاکہ علاقائی تجارت کے فروغ اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کے لیے راولپنڈی چیمبر کا کردار قابل ستائش ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی برادر ملک اور او ٓئی سی کا ممبر ہونے کی وجہ سے صومالیہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے سفیر نے کہا کہ صومالیہ افریقی منڈیوں تک رسائی کے لیے اہم گزرگاہ ہے تجارتی وفود کے تبادلوں کے ذریعے باہمی تجارت میں اضافہ کیا جا سکتا ہے، اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے راولپنڈی چیمبر کے صدرزاہد لطیف خان نے کہاکہ راولپنڈی چیمبر ہمسایہ ممالک میں سنگل کنٹری نمائشوں کے کامیاب انعقاد کے بعد افریقی ممالک تک اس کے دائرہ کار کو وسعت دے رہا ہے ۔

تاکہ آپس میں تجارت کو فروغ دے کر ترقی کی منازل طے کی جاسکیں۔صدر چیمبر نے کہاکہ دونوں ممالک کے ساتھ تجارت کے فروغ کے لیے ضروری ہے کہ دونوں ممالک کی بزنس کمیونٹی کے مابین روابط کو فروغ دیا جائے اور اس سلسلے میں چیمبر کی سطح پر تجارتی وفود کے تبادلے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تناظر میں علاقائی تجارت کی اہمیت اور بڑھ گئی ہے، تعمیرات،توانائی، زراعت، ادویات، ماربل اور دیگر شعبوں میں دو طرفہ منصوبے لگائے جا سکتے ہیں انہوں نے سفیرکو چیمبر کی جاری سرگرمیوں پر بریفنگ بھی دی۔

متعلقہ عنوان :