حکومت پنجاب نے توانائی کے بحران پر قابو پانے کے ساتھ ہر بچے کو تعلیم تک آسان رسائی دلوانے پر توجہ دی ہے‘رانا مشہود احمد خاں

حکومت پنجاب کی کثیر الجہتی پالیسی کے نتیجے میں صوبہ پنجاب ترقی ، سماجی فلاح اور تخفیف غربت کے حوالے سے جنوبی ایشیا ء میں روشن مثال بن کر ابھرا ہے ‘صوبائی وزیرسکولز ایجوکیشن

جمعرات 23 نومبر 2017 19:04

حکومت پنجاب نے توانائی کے بحران پر قابو پانے کے ساتھ ہر بچے کو تعلیم ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2017ء) صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ غربت اور جہالت لوڈ شیڈنگ سے زیادہ خطرناک اور مہلک ہیں،یہی وجہ ہے کہ حکومت پنجاب نے توانائی کے بحران پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ ہر بچے کو تعلیم تک آسان رسائی دلوانے پر خصوصی توجہ دی ہے، یہ بات خوش آئند ہے کہ حکومت پنجاب کے مختلف اقدامات سے جہاں لود شیڈنگ کا خاتمہ ہواہے وہاں پر پنجاب میں تعلیم کا انقلاب بھی برپا ہوا ہے اور ضرورت مند گھرانوں کے بچے لکھ پڑھ کر اپنا مقدر سنوار رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہورکے زیر اہتمام ایک مقامی ہوٹل میں منعقدہ بین الاقوامی انرجی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر رانا مشہود نے کہا کہ حکومت پنجاب کی کثیر الجہتی پالیسی کے نتیجے میں صوبہ پنجاب ترقی ، سماجی فلاح اور تخفیف غربت کے حوالے سے جنوبی ایشیا ء میں روشن مثال بن کر ابھرا ہے اور اس بات کا کریڈٹ وزیر اعلیٰ شہباز شریف کو جاتا ہے کہ انہوں نے نتیجہ خیز اقدامات کے ذریعے پنجاب کی تقدیر بدل کر رکھ دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے توانائی کے بحران کو ایک چیلنج کے طورپر قبول کیا اور وزیر اعلیٰ پنجاب نے اس بات کا تہیہ کر لیا کہ وہ لوڈشیڈنگ کے اندھیرے ختم کر کے دم لیں گے۔وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی مربوط حکمت عملی کے نتیجے میں پنجاب میں توانائی کا بحران ختم ہو چکا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ تعلیم کے شعبے میں بھی انقلابی اصلاحات متعارف کروانے کے نتیجے میں بے وسیلہ گھرانوں کے بچوں کی تعلیم تک رسائی ممکن ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اندھیرا بجلی کا ہو یا جہالت کا ایک جیسا خطرناک ہوتا ہے اور ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہو گا کہ پنجاب کے کونے کونے میں علم کی شمعیں روشن کر کے جہالت و افلاس کے اندھیرے ختم کریں گے۔تقریب سے صوبائی وزیر مائنز اینڈ منرل کے علاوہ مختلف ماہرین نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :