صوبائی دارالحکومت میں وسائل کی کمی اور مسائل کے انبار لگے ہوئے ہیں ،

لیکن مشترکہ حکمت عملی و جدوجہد سے تمام مسائل پر کافی حدتک قابو پایا جاسکتا ہے ،ڈی ایچ او سمیت دیگر سرکاری و نجی افسران کا سماہی میٹنگ میں گفتگو

جمعرات 23 نومبر 2017 18:49

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 نومبر2017ء)صوبائی دارالحکومت میں وسائل کی کمی اور مسائل کے انبار لگے ہوئے ہیں لیکن مشترکہ حکمت عملی اور جدوجہد سے تمام مسائل پر کافی حدتک قابو پایا جاسکتا ہے ۔ اس سلسلے میں سماجی تنظیموں، سیاسی پارٹیوں ، حکومتی عہدیداران اور میڈیا کی مشترکہ کاوشیں قابل ستائش ہونگی۔ ان خیالات کا اظہار ڈی ایچ او کوئٹہ ڈاکٹر شیر احمد ساتکزئی، ڈی او ایجوکیشن کوئٹہ عرفان احمد نے سالار فائونڈیشن اور سی پی ڈی آئی کے زیر اہتمام منعقدہ سہ ماہی میٹنگ کے دوران کیا۔

پروگرام کے ابتداء میں ڈسٹرکٹ انٹرسٹ گروپ کے ممبران ،سماجی تنظیموں کے عہدیداران اور میڈیا نے شہر میں پانی نکاسی آب ، صحت و صفائی اور تعلیمی مسائل کی نشاندہی کرائی جبکہ سرکاری عہدیداران نے مسائل کے حل میں درپیش چیلنجز کا ذکر کیا تاہم بہتری کیلئے مشترکہ کاوشوں پر زور دیا۔

(جاری ہے)

پروگرام کے آرگنائزر ایگزیکٹو ڈائریکٹر سالار فائونڈیشن سلام خان نے پروجیکٹ کی اہمیت تفصیلاً بیان کی جبکہ سی پی ڈی آئی کے صوبائی کوارڈینیٹر عبدالرزاق نے بتایا کہ شہریوں اور سماجی تنظیموں اور میڈیا گروپ یورپی یونین کے مالی تعاون ، سالارفائونڈیشن سی پی ڈی آئی اور فریڈرک نومان فائونڈیشن فار ڈیموکریسی کے باہمی اشتراک سے کوئٹہ سمیت پاکستان بھر میں مستحکم جمہوری مقامی حکومتی عمل کیلئے سرگرم عمل ہے جبکہ یہ پروگرام بلوچستان کے کل پانچ اضلاع میں مختلف سماجی تنظیموں کے ساتھ اشراک سے چلایا جارہا ہے ۔