افسران عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں، گورنر سندھ

جمعرات 23 نومبر 2017 18:47

افسران عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں، گورنر سندھ
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ بہتر نظم و نسق کسی بھی حکومت کی کامیابی کے لئے بنیادی شرط ہے،عوامی فلاح و بہبود کی حکومتی پالیسیوں پر بھرپور عملدرآمد افسران کی دلچسپی کے بغیر ممکن نہیں، اس ضمن میں افسران عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ بہتر نظم و نسق کے نت نئے چیلنجر سے نمٹنے کے لئے افسران کی مسلسل تربیت نہایت اہمیت کی حامل ہے اس طرح کے کورسز سے افسران کی انتظامی صلاحیتوں میں اضافہ ہوتا ہے جبکہ اہل افسران کسی بھی حکومت کا اثاثہ ہوتے ہیں کیونکہ ان کی کارکردگی حکومت کی کامیابی کیلئے ضروری ہوتی ہے۔

جمعرات کو گورنر ہائوس سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے 24 ویں مڈ کیرئیر مینجمینٹ کورس کے شرکا سے نیشنل انسٹیٹوٹ آفمینجمینٹ میں تقریب سے خطاب میں کیا۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ امان و امان کے قیام کے بعد حکومت کی پوری توجہ عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات اور اس ضمن میں ترقیاتی منصوبوں پر مرکوز ہے ،کراچی میں وفاق کے تعاون سے میگا پروجیکٹس پر کام تیزی سے جاری ہے جن میں لیاری ایکسپریس وے ، گرین لائن ، پینے کے صاف پانی کا منصوبہ K-IV سمیت دیگر شامل ہیں جبکہ وفاق نے کراچی کے انفرااسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لئے کراچی ترقیاتی پیکج بھی ترتیب دیا ہے اس طرح وفاق کراچی کی ترقی کے لئے 75 ارب روپے خرچ کررہا ہے ، منصوبوں کی تکمیل سے معاشی شہ رگ کراچی میں عوام کا معیار زندگی بلند ہو گا ۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کی تکمیل سے پاکستان میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا اور روزگار کے مواقع پیدا ہونگے، سی پیک پورے خطہ کے لئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے، جغرافیائی اہمیت کے باعث نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ پوری دنیا کے امن کے لئے پاکستان کا کردار نہایت اہم ہے،امن و امان کے قیام کے بعد کراچی سرمایہ کاری کے لئے آئیڈیل شہر بن چکا ہے،ملک کا اقتصادی مستقبل کراچی کی معاشی ترقی میں مضمر ہے، بڑے صنعتی مراکز اور کاروباری اداروں کے باعث کراچی کو ملک کا معاشی حب ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

تقریب سے خطاب میں نیشنل انسٹیٹیوٹ آف منیجمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل روشن علی شیخ نے ادارہ کی کارکردگی ، افسران کی تربیت کے مراحل اور تیکنیکی مہارت و تجربہ کے لئے فراہم کی جانے والی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ سندھ بلوچستان کے افسران کی تربیت بھی اسی ادارہ میں کرائی جا رہی ہے ۔گورنر سندھ نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمینٹ کا دورہ بھی کیا۔واضح رہے کہ وفاق و صوبائی محکموں کے گریڈ 18 سے گریڈ 19 میں جانے والے افسران کا یہ ڈھائی مہینے کا کورس تھا جس کی تکمیل پر تقریب کا اہتمام رکھا گیا ۔ گورنر سندھ نے کورس کے شرکاء میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے ۔

متعلقہ عنوان :