حکومت اور افواج پاکستان کی مشترکہ جدو جہد سے دہشت گردی کا خاتمہ اور پائیدار امن و امان کا قیام ممکن ہوا،انجینئرامیرمقام

جمعرات 23 نومبر 2017 18:15

ہنگو۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2017ء) مشیر وزیر اعظم پاکستان و صوبائی صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ حکومت اور افواج کی مشترکہ جدو جہد سے دہشت گردی کا خاتمہ اور پائیدار امن و امان کا قیام ممکن ہوا،نواز شریف نے محاز آرائی کی سیاست نہیں کی، عمران خان نے خیبر پختونخوا کے عوام کے دئیے گئے مینڈیٹ کی توہین کی،صوبے کا حلیہ بگاڑنے والے ملک کی بھاگ ڈور سنبھالنے کے خواب دیکھ رہے ہیں۔

ان خیالات کااظہارانجینئرامیرمقام نے ضلع ہنگو کی تحصیل ٹل کے مرکزی مقام دوآبہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوںنے کہاکہ محمد نواز شریف ملک کے کروڑوں عوام کے دلوں کی دھڑکن ہیں۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی جائیداد اور اثاثے اُن کی محنت کا صلہ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ( ن) نے ہمیشہ مفاہمت،صبر و تحمل کی سیاست کی اور ملک کی ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کر کے اقوام عالم میں منفرد تشخص دلایا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کرکٹ کی طرح یوٹرن کے بھی چیمپیئن نکلے،تبدیلی کے نام پر عوام کو دھوکہ دینے والوں نے پختونخوا کے عوام کو 50سال پیچھے دھکیل دیا۔انہوں نے کہا کہ یوٹرن خان ایک طرف حضرت عمر فاروقؓ کے عدل و انصاف کی مثالیں دیتے ہیں تو دوسری جانب ڈی آئی خان میں مظلوم لڑکی کی حمایت میں بات کرنے والوں کو پارٹی سے بھی نکال دیا۔امیر مقام نے کہا کہ عمران خان دوغلی پالیسی لیکر ملک میں سرخی پاوڈر کا انقلاب اور تبدیلی لانے چاہتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آتی،ایک کروڑ سے زائد درخت غائب کئے گئے جبکہ اشتہارات میں بھی سوٹزر لینڈ کی گاڑیوں کی تصاویر چھاپی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ میٹرو منصوبہ کو جنگلہ بس قرار دینے والے آج خود پشاور میںخطیر رقوم سے لگے پھولوں کو ہٹا کر بس سروس کا آغاز کردیاہے۔امیر مقام نے کہا کہ خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر کے عوام تحریک انصاف کی دوغلی سیاست کو یکسر مسترد کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی سیاسی حریفوں سے ہضم نہیں ہو رہی اور ذاتی اور سیاسی مفادات کے حامل عناصر ملک اور قوم کے خیر خواہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ الیکشن 2018میں عوامی قوت سے پاکستان مسلم لیگ ن دوبارہ برسر اقتدار آکر ملک و قوم کی خدمت کا مشن جاری رکھی گی،اس موقع پرانہوںنے ضلع ہنگو میں گھر گھر تک گیس فراہمی سمیت 132کے وی بجلی سپلائی پاور لائن اور تحصیل ٹل میں نادرا آفس کے قیام کا بھی اعلان کیا۔دریں اثنا انجینئر امیر مقام کا ہنگو پہنچنے پر صوبائی رہنماء مسلم لیگ ن و ضلعی صدر الحاج فرید مفکر کی قیادت میں پر تپاک استقبال کرتے ہوئے ہنگو سے دوآبہ جلسہ گاہ تک جلوس کی شکل میں لے جایا گیا۔

متعلقہ عنوان :