شمالی وزیر ستان سے تعلق رکھنے والے خاندان کو قومی شناخت نہ مل سکے ،2سال سے نادرا کے چکر لگانے پر مجبور

جمعرات 23 نومبر 2017 18:14

بنوں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 نومبر2017ء) شمالی وزیر ستان سے تعلق رکھنے والے خاندان کو قومی شناخت نہ مل سکے 2سال سے شناختی کارڈ کے حصول کیلئے نادرا بنوں اور پشاور کی انتظامیہ کے درمیان لٹک رہے ہیں شمالی وزیر ستان ایجنسی کی تحصیل بویہ سے تعلق رکھنے والے نوجوان قدر علی ولد نور شداد خان نے بنوں پریس کلب آکر میڈیا کو فریاد سناتے ہوئے بتایا کہ سال 2015میں قومی شناختی کارڈ کے حصول کیلئے نادرا دفتر میں اپنی دستاویزات جمع کرائی تھی جو کہ بلا وجہ ان کی ڈیٹا بلاک کر دی گئی اور شناختی جاری نہیں کیا گیا دفتر سے معلوم کرنے پر دستاویزات کی صفائی اور حلقہ کے ایم این اے اور مالکان کو دفتر میں پیش کرنے کی ہدایات دی گئی جس پر ہم نے تمام دستاویزات کی صفائی کیساتھ ساتھ منتخب ایم این اے اور علاقہ مالکان کو نادرا بنوں دفتر میں پیش کرایا مگر تاحال ہمارے خاندان کے تین افراد کے قومی شناختی کارڈ جاری نہیں کئے گئے ہیں اور بنوں سے پشاور و پشاور سے بنوں چکر لگوائے جا رہے ہیں اور قومی شناختی کارڈ جاری نہ ہونے کی وجہ بھی نہیں بتائی جا رہی ہے انہوں نے کہا کہ قومی شناختی کارڈ نہ ہونے کے باعث ہمیں شمالی وزیر ستان سے دیگر اضلاع یا علاقوں کو آمد ورفت میں مشکلات درپیش ہوتی ہے کیونکہ راستے میں مختلف جگہوں پر سیکورٹی فورسز اور پولیس چیک پوسٹ قائم ہیں جہاں پر قومی شناختی کارڈ نہ ہونے کی وجہ سے تکالیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے انہوں نے حکومت پاکستان اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ ان کے خاندان کے افراد کو فوری طور پر قومی شناخت دینے کیلئے شناختی کارڈ جاری کئے جائیں ۔

متعلقہ عنوان :