صوبائی حکومت غریب عوام کیساتھ ہے جو اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں ان تمام کا فائدہ غریب عوام کو مل رہا ہے،محمودخان وزیر آبپاشی خیبرپختونخوا

جمعرات 23 نومبر 2017 18:03

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2017ء) خیبر پختونخواکے وزیر آبپاشی و کھیل اور پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ریجن کے صدر محمود خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت غریب عوام کے ساتھ ہے اور جو اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں ان تمام کا فائدہ غریب عوام کو مل رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہسپتالوں اور سکولوں میںبہتر اور جدید سہولتیںعوام کو مل رہی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جندول ثمر باغ ضلع دیر پائیں میں ایک شمولیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پی پی پی اور جماعت اسلامی کی ممتاز، سرکردہ اور اہم شخصیات جن میں حاجی جہاندر شاہ، حاجی سرفراز خان، علی باچا، جہان باچا، تیمر شاہ، بخت زمان، خان باچا، نوشیر خان اور رمیض خان نے اپنے اپنے خاندانوں سمیت سینکڑوں ساتھیوں کے ہمراہ اپنی سیاسی پارٹیوں سے مستعفی ہوکر پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیاجبکہ جلسے سے پی ٹی آئی ضلع دیر پائیں کے صدر بشیر خان اور دیگر مقررین نے بھی خبطاب کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سیاست کا بنیادی مقصد عوام کی محرومیوں کا ازالہ کرنا اور ملکی اداروں کو مستحکم اور فعال بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے اس ضمن میں قابل ذکر کامیابیاں حاصل کی ہیںاور ان کو بنیادبنا کر پوری ملک میں وہی پالیسی اپنائی جائے گی جس سے نہ صرف کرپشن کا قلع کم ہوگا بلکہ غریب عوام کی تقدیر بھی بدل جائیگی۔

انہوں نے کہا کہ دیدہ و دلیری سے چھوٹ بولنے والے عناصر اب عوام کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتے کیونکہ عوام نے صوبائی حکومت کی عوام دوست اور صاف و شفاف طرز حکمرانی پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ محمود خان نے کہا کہ روٹی ، کپڑا اور مکان کا نعرہ لگانے والوں اور اسلام کے ٹھیکداروں کادور ختم ہو چکا ہے اور اب پی ٹی آئی نے عوام میں سیاسی شعور بیدار کیا ہے جو ان سیاسی مداریوں کے جھانسوں میں نہیں آئینگے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پر ویز خٹک کی قیادت میں صوبے کے پسماندہ اور ماضی میں نظر انداز کئے گئے علاقوں کو ترجیحی بنیادوں پر عملی اقدامات اٹھائے ہیں اور اس مقصد کے حصول کیلئے صوبے کے کونے کونے میں اربوں روپے کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھا دیا گیا ہے ۔ محمود خان نے عوام سے کہا کہ وقت کا نقاضہ ہے کہ عوام ملک کی سلامتی اور استحکام کیلئے 2018 کے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کو بھاری اکثریت سے ووٹ دیکر کامیاب کرینگے۔

متعلقہ عنوان :