یو بی جی کے مخالفین الٹی گنتی گننا شروع کر دیں، گلزار فیروز

جمعرات 23 نومبر 2017 17:56

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2017ء) فیڈریشن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے ترجمان گلزار فیروز نے کہا ہے کہ فیڈریشن میں اپوزیشن گروپ بزنس مین پینل کے رہنمائوں کے بوکھلاہٹ پر مبنی بیانات ثابت کررہے ہیں کہ انہوں نے الیکشن سے قبل ہی اپنی چوتھی مسلسل شکست قبول کرلی ہے، یو بی جی مخالفین اب الٹی گنتی گننا شروع کردیں، ملک بھر کی بزنس کمیونٹی اپوزیشن کے گنے چنے افراد کے فیڈریشن کے وسائل کو دوبارہ لوٹنے کے ناپاک عزائم کو جان چکی ہے، الیکشن بلندو بانگ دعووں سے نہیں بلکہ ووٹنگ پاور سے جیتے جاتے ہیں اور ووٹرز کی قوت یونائٹیڈ بزنس گروپ کے ساتھ ہے اور 29 دسمبر کو فیڈریشن کے انتخابات میں یو بی جی کے تمام امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔

(جاری ہے)

یو بی جی ترجمان نے اپوزیشن رہنمائوں کی جانب سے یو بی جی پر عائد کردہ الزامات پر کہا کہ یو بی جی سے منتخب عہدیداران نے تین سال کے دوران فیڈریشن کے ذریعے بزنس کمیونٹی کی حقیقی معنوں میں خدمت کی ہے، ہم نے لوٹ مار نہیں کی جبکہ بزنس کمیونٹی بزنس مین پینل کے رہنمائوں کی لوٹ مار کو نہیں بھول سکی ہے، ہمارے مخالفین بخوبی یہ بات جانتے ہیں کہ پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخواہ کی بزنس کمیونٹی یو بی جی کے سایہ تلے یکجا ہوچکی ہے۔

گلزار فیروز نے مزید کہا کہ چیئرمین افتخار علی ملک اور سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیرکی قیادت میں یو بی جی کے ایف پی سی سی آئی کے انتخابات کو جمہوری انداز میں لیتے ہوئے بھرپورکامیابی حاصل کرے گا اور اس الیکشن سے فیڈریشن باقی ماندہ کرپٹ لوگوں سے پاک ہوجائے گا۔