آفتاب احمد دیوان سی ای او سی ڈی سی ایشیا پیسیفک سینٹرل سکیورٹیز ڈیپازٹری گروپ کے وائس چیئرمین منتخب

جمعرات 23 نومبر 2017 17:56

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2017ء) سینٹرل ڈپازٹری کمپنی آف پاکستان (سی ڈی سی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر آفتاب احمد دیوان ایشیا پیسیفک سینٹرل سیکیوریٹیز ڈپازٹری گروپ (اے سی جی) کے وائس چیئرمین منتخب ہو گئے ہیں۔ ہانگ کانگ میں منعقدہ ورلڈ فورم آف سی ایس ڈیز (ڈبلیو ایف سی) کی چودہویں کانفرنس میں آفتاب دیوان کو اے سی جی کی ایگزیکٹو کمیٹی کا وائس چیئرمین منتخب کیا گیا۔

اے سی جی ایشیا پیسیفک خطے میں کام کرنے والی سیکیوریٹیز ڈپازٹریز اور کلیئرنگ کمپنیوں کی ایک نمائندہ تنظیم ہے جو ممبران کے درمیان تعاون کے فروغ اور معلومات کے تبادلے کو یقینی بناتی ہے۔ سی ڈی سی پاکستان اے سی جی کے 23 ممالک کے 34 ممبران میں سے ایک ممبر ادارہ ہے۔ اے سی جی ورلڈ فورم آف سینٹرل سیکیوریٹیز ڈپازٹریز کے 5 ممبران میں سے ایک ممبر ہے۔

(جاری ہے)

ڈبلیو ایف سی ڈپازٹریز اور کلیئرنگ ہائوسز کا عالمی ادارہ ہے جو کہ 5 خطوں ایشیا، یورپ، مشرقِ وسطیٰ اور افریقہ، امریکہ اور وسطی ایشیا کی نمائندگی کرتا ہے۔ آفتاب دیوان اے سی جی کے وائس چیئرمین منتخب ہونے کے بعد ڈبلیو ایف سی بورڈ میں ایشیائی خطے کی نمائندگی کریں گے۔ ورلڈ فورم میں ایشیا کی نمائندگی 2 ڈپازٹریز سی ڈی سی پاکستان اور کے ایس ڈی کوریا کریں گی۔

کے ایس ڈی کوریا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اے سی جی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین ہیں۔ ڈبلیو ایف سی کانفرنس ہر 2 سال میں ہونے والی ایک عالمی تقریب ہے جوکہ سینٹرل سیکیوریٹیز ڈپازٹریز اور کلیرنگ ہائوسز، ریگولیٹرز اور کسٹوڈینز سمیت بین الاقوامی بینکوں کو انفارمیشن شیئرنگ اور نیٹ ورکنگ پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ سی ڈی سی پاکستان ڈبلیو ایف سی 2017ء میں چین، بھارت اور ہانگ کانگ کے ساتھ منتظمین میں شامل تھی۔ اس کانفرنس کے ایجنڈے کی تیاری بھی سی ڈی سی پاکستان کی ذمہ داری تھی۔ 58 ممالک کے 250 سے زائد وفود نے کانفرنس میں شرکت کی اور کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر سی ڈی سی پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔