ربیع الاول کی تقریبات اور جلوسوں کی سیکورٹی و دیگر انتظامی امور پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا، ڈپٹی کمشنر

جمعرات 23 نومبر 2017 17:13

فیصل آباد۔23 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2017ء) آقائے دو عالم حضرت محمدؐ کی ولادت با سعادت تمام مسلمانوں کیلئے باعث رحمت ہے اس لئے جشن آمد رسولؐ کی خوشی تمام مسلمان اپنے عقیدہ کے مطابق بھر پور مذہبی عقیدت و احترام سے منائیں گے لہٰذا اس موقع پر مثالی اتحاد ‘ مذہبی رواداری اور اخوت و یگانگت کی ضرورت ہے تاکہ دشمن ہمارے مذہبی جذبات سے کھیل کر بدامنی پھیلانے میں کامیاب نہ ہو سکے۔

اس سلسلہ میںضلعی امن کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر سلمان غنی کی زیر صدارت ان کے آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا جس میں ماہ ربیع الاول کی تقریبات کے انتظامی و حفاظتی امور کا جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں سی پی او اطہر اسماعیل ‘ میئر میونسپل کارپوریشن محمد رزاق ملک ‘ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) خالد مسعود فروکہ اور دیگر افسران بھی موجود تھے جبکہ مولانا محمد یوسف انور ‘ مفتی ضیاء مدنی ‘ پیر فیض رسول حیدر رضوی ‘ سید محمد جعفر نقوی ‘ حاجی محمد اسلم بھلی ‘ ڈپٹی میئر محمد امین بٹ ‘ مولانا محمد ریاض کھرل ‘ ملک بخش الٰہی ‘ ڈاکٹر افتخار نقوی ‘ ڈاکٹر ممتاز حسین ‘ چاچا رشید ‘ سید مزمل حسین ‘ مولانا حفیظ الرحمن و دیگر نے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے امن کمیٹی کے ارکان اور تمام مکاتب فکر کے علماء کرام ‘ مذہبی رہنمائوں اور تاجروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مخلصانہ معاونت سے محرم الحرام سمیت دیگر مذہبی تقریبات کا امن و سکون سے انعقاد ممکن ہوا اور آئندہ بھی ان سے اسی شاندار جذبے و تعاون کی توقع ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آقائے دو عالم حضرت محمد صلی الله علیہ وآلہ وسلم کی ولادت و سعادت تمام مسلمانوں کے لئے باعث رحمت ہے اور آمد رسولؐ کی خوشی بھی تمام مسلمان اپنے عقیدہ کے مطابق بھر پور مذہبی عقیدت و احترام سے منائیں گے لہذا اس موقع پر مثالی اتحاد ‘ مذہبی رواداری اور اخوت و یگانگت کی ضرورت ہے تاکہ دشمن ہمارے مذہبی جذبات سے کھیل کر بدامنی پھیلانے میں کامیاب نہ ہو سکے ۔

انہوں نے کہا کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ماہ ربیع الاول کی تقریبات اور خصوصا 12 ربیع الاول کے جلوسوں کی سیکورٹی اور دیگر انتظامی امور پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا ۔ سی پی او اطہر اسماعیل نے مذہبی امن اور رواداری کے جذبات کے فروغ میں تمام مکاتب فکر کے علماء کرام کے مثالی کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے تعاون سے عید میلادالنبیؐ کو بھی بھر پور عقیدت و احترام اور خوشگوار انداز میں منایا جائے گا ۔

میئر میونسپل کارپوریشن محمد رزاق ملک نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ‘ پولیس ‘ تمام مکاتب فکر کے علما کرام ‘ تاجروں اور سول سوسائٹی کے دیگر نمائندوں کا مضبوط اشتراک انتہائی خوش کن اور امن کی ضمانت ہے ۔ اجلاس کے دوران مولانا محمد یوسف انور ‘ مفتی ضیاء مدنی ‘ صاحبزادہ فیض رسول حیدر رضوی ‘ سید جعفر نقوی ‘ مولانا ریاض کھرل ‘ مولانا حفیظ الرحمن و دیگر نے اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے محفل میلاد کے سلسلے میں سرکاری اجازت کے عمل کو آسان بنانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ آخر میں امن و سلامتی‘ ملک و قوم کی ترقی ‘ قومی یکجہتی اور حفاظتی انتظامات کی کامیابی کیلئے دعا کی گئی ۔