حکومت پنجاب نے تحفظ اراضی و پانی کیلئے 230 ملین روپے مختص کردئیے، ترجمان زراعت

جمعرات 23 نومبر 2017 17:13

فیصل آباد۔23 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2017ء) حکومت پنجاب نے تحفظ اراضی و پانی کیلئے 230 ملین روپے مختص کردئیے ہیں جبکہ ڈرپ اینڈ سپرنکلر اریگیشن سسٹم کی تنصیب کیلئے 60 فیصداور سولر سسٹم کی تنصیب پر 80 فیصد سبسڈی کی فراہمی بھی جاری ہے۔محکمہ زراعت کے ترجمان نے بتایا کہ محکمہ کا اولین فرض کاشتکاروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہے اور اس کے حصول کیلئے محکمہ زراعت کے تمام شعبہ جات کو بھرپور لگن سے کام کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پوٹھوہار کے کاشتکاروں کو پانی ذخیرہ کرنے کیلئے منی ڈیمز اور تالابوں کی تعمیر اور ٹیوب ویلز کی فراہمی، کھاد و بیج کی باآسانی دستیابی، فصلات و باغات کی پیسٹ سکائوٹنگ، زرعی تحقیقی امور اور توسیعی عملہ کے ذریعے رہنمائی جیسے اہم عوامل بروئے کار لانے کیلئے حکومت خادم پنجاب شہباز شریف کی خصوصی ہدایات پر عمل پیرا ہے اور تمام اہداف کا حصول محکمہ کا اصل مقصد ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پیکیج کے تحت دیئے گئے اہداف کو مکمل کرنے کیلئے دن رات محنت کرنا ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ نے کارکردگی کی بنیاد پر افسران و عملہ کو ایوارڈز دینے کا سلسلہ شروع کیا ہے جو کہ پہلے موجود نہ تھا۔ انہوں نے تنبیہہ کی کہ کارکردگی میں غفلت برتنے والے افسران و عملہ کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اہداف کے مطابق تمام زرعی سکیموں کو بروقت پایہ تکمیل تک پہنچایا جائیگا تاکہ ہمارے کاشتکار نہ صرف معاشی طور پر خود کفیل ہوں بلکہ ملکی خوراک کی کمی کو بھی پورا کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :