سپریم کورٹ نے پاناما لیکس میں شامل تمام پاکستانیوں کیخلاف درخواست پر وفاق اور نیب کو نوٹسز جاری کر دیئے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 23 نومبر 2017 16:45

سپریم کورٹ نے پاناما لیکس میں شامل تمام پاکستانیوں کیخلاف درخواست ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔23نومبر۔2017ء) سپریم کورٹ نے پاناما لیکس میں شامل تمام پاکستانیوں کیخلاف درخواست پر وفاق اور نیب کو نوٹسز جاری کر دیئے ہیں-اپنے حکم میں عدالت نے کہا ہے کہ کرپشن جیسی خوفناک بلا کو ختم ہونا چاہیے یہ معاملہ جامع تحقیقات کا ہے۔جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے پاناما لیکس میں شامل 436 پاکستانیوں کیخلاف کارروائی کرنے کی درخواستوں پر سماعت کی۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق اور طارق اسد ایڈووکیٹ نے سپریم کورٹ میں درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔سماعت کے آغاز میں طارق اسد ایڈووکیٹ نے دلائل دیئے کہ کرپشن کر کے پاناما میں کمپنیاں بنانے والوں کے خلاف بلا تفریق کاررروائی ہونی چاہیے،ٹیکس بچانے کے لیے یہ کمپنیاں بنائی جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

جسٹس اعجاز افضل نے ریمارکس دیئے کہ آمدن سے زائد اثاثوں کے مالکان کے خلاف کارروائی ہی اصل مقدمہ ہے،پر اس کا تعین نیب نے کرنا ہے۔

عدالت نے کہاکہ ریاست کے ہر ادارے میں کرپشن پائی جاتی ہے، کرپشن کی روک تھام کے لیے حقیقی اقدامات کی ضرورت ہے۔سپریم کورٹ نے قراردیا کہ ریاست کے ہر ادارے میں بدعنوانی سرایت کر چکی ہے جس کو روکنے کے لیے اقدامت اٹھانے کی ضرورت ہے۔سماعت کا آغاز ہوا تو طارق اسد ایڈووکیٹ نے دلائل دیئے کہ کرپشن کر کے پاناما میں کمپنیاں بنانے والوں کے خلاف بلا تفریق کاررروائی ہونی چاہیے، ان کا کہنا تھا کہ ٹیکس بچانے کے لیے یہ کمپنیاں بنائی جاتی ہیں۔

جسٹس اعجاز افضل نے ریمارکس دیئے میں پاناما کی سماعت کرنے والے بینچ میں شامل تھا، ہم اس کیس کا فیصلہ کریں گے، آمدن سے زائد اثاثوں کے مالکان کے خلاف کارروائی ہی اصل مقدمہ ہے۔انہوں نے کہاکہ اصل میں یہ کام نیب کے کرنے کا تھا‘ ریاست کے ہر ادارے میں کرپشن پائی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کرپشن کی روک تھام کے لیے حقیقی اقدامات کی ضرورت ہے۔

بعد ازاں سپریم کورٹ نے امیر جماعت اسلامی اور طارق اسد ایڈووکیٹ کی درخواستوں کو یکجا کرتے ہوئے وفاق اور نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کر دی۔سماعت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کرپشن کے خلاف مہم جاری ہے۔انہوں نے کہا ایک وزیراعظم نااہل ہو گیاہے جبکہ پاکستان میں چند ہزار لوگوں کو ہتھکڑیاں لگ جائیں تو ملک کا مستقبل سنور سکتا ہے۔