پرتگال پاکستان کے ساتھ باہمی تجارت کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے ،ڈاکٹر جوائو پالو مار کیوز سبیڈو کوسٹا

جمعرات 23 نومبر 2017 16:59

پرتگال پاکستان کے ساتھ باہمی تجارت کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی رکھتا ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2017ء) پاکستان میں پرتگال کے سفارت خانہ کے ناظم الامور ڈاکٹر جوائو پالو مار کیوز سبیڈو کوسٹا نے کہا ہے کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ باہمی تجارت کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے کیونکہ دونوں ممالک متعدد شعبوں میں ایک دوسرے سے تجارت کر سکتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور پرتگال تجارتی وفود کا تبادلہ بڑھانے اور بزنس روابط کو بہتر کرنے پر زیادہ توجہ دیں تا کہ مشترکہ تعاون کے نئے مواقع تلاش کئے جا سکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پر تاجربرادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پرتگال کے پاس اعلیٰ ٹیکنالوجی موجود ہے اور وہ زراعت، ٹیکسٹائل، ماربل، پانی کے ذرائع اور تعمیرات سمیت دیگر شعبوں میں پاکستان کو اعلیٰ ٹیکنالوجی و مشینری فراہم کر سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پرتگال یورپ اور افریقہ کے قریب واقع ہے اور پاکستان پرتگال کے ساتھ تعاون بڑھا کر ان ممالک کی مارکیٹوں میں بہتر رسائی حاصل کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا باسمتی چاول اور کھانے کی اشیاء پرتگال میں کافی مقبول ہیں تاہم پاکستان کیلئے اچھا موقع ہے کہ وہ جی ایس پی پلس سہولت کے تحت پرتگال کو مزید مصنوعات برآمد کرنے کی کوشش کرے۔ پرتگال کے چارچ ڈی افیئر نے کہا کہ پرتگال نے رئیل اسٹیٹ شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے ایک گولڈن ویزا پروگرام کا اجراء کیا ہوا ہے لہذا پاکستان کے سرمایہ کار اس سے استفادہ حاصل کرنے کی کوشش کریں۔

انہوں نے کہا کہ پرتگال نے کئی ممالک کے ساتھ ترجیحی تجارت کے معاہدے کر رکھے ہیں اور پاکستان کے سرمایہ کار پرتگال میں سرمایہ کاری کر کے یورپ، کینیڈا، افریقہ اور دیگر ممالک کی طرف اپنی برآمدات کو بہتر فروغ دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر اپنا ایک وفد پرتگال لے جانے پر غور کرے جس سے کاروبار کے نئے مواقع تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا کہ پاکستان اور پرتگال کی باہمی تجارت اتنی حوصلہ افزاء نہیں ہے لہذا دونوں ممالک نجی شعبوں کے درمیان براہ راست روابط بڑھانے پر توجہ دیں جس سے دوطرفہ تجارت بہتر ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائلز، گارمنٹس، آلات جراحی، کھیلوں کا سامان، چمڑے کی مصنوعات، پھلوں و سبزیوں سمیت پاکستان کی متعدد مصنوعات پرتگال کی مارکیٹ میں مقبولیت حاصل کر سکتی ہیں لہذا وہ پاکستان سے ان مصنوعات کی درآمد پر توجہ دے جس سے باہمی تجارت بہتر ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ پرتگال قابل تجدید ذرائع سے توانائی پیدا کرنے کی اچھی مہارت رکھتا ہے لہذا وہ اس شعبے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کرے جس سے پاکستان میں توانائی کی صورتحال بہتر ہو گی اور کاروباری و صنعتی سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تعلیم، سائنس، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سیاحت کے شعبوں میں باہمی تعاون کے عمدہ مواقع موجود ہیں۔

شیخ عامر وحید نے کہا کہ پرتگال اعلیٰ ٹیکنالوجی میں بہتر مہارت رکھتا ہے لہذا وہ ویلیو ایڈڈ اور اعلیٰ ٹیکنالوجی والی مصنوعات تیار کرنے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کرے جس سے ہماری برآمدات بہتر ہوں گی۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید اور نائب صدر نثار مرزا نے کہا کہ تجارتی وفود کا باکثرت تبادلہ کر کے پاکستان اور پرتگال تجارتی تعلقات کو بہتر طریقے سے فروغ دے سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پرتگال کے سرمایہ کار پاکستان کا دورہ کر کے سی پیک سمیت پاکستان کی معیشت کے دیگر شعبوں میں جوائنٹ وینچرز اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی کوشش کریں۔ باسر دائود، طاہر ایوب، راشد ہمایوں، محترمہ آمنہ ملک اور دیگر نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور پاکستان و پرتگال کے مابین تجارتی و اقتصادی تعلقات کو بہتر کرنے کیلئے مختلف تجاویز پیش کیں۔

متعلقہ عنوان :