پنجاب بھر کے تمام اضلاع میں ڈرپ و سپرنکل ایریگیشن سسٹم سکیم متعارف

جمعرات 23 نومبر 2017 16:59

راولپنڈی 23نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2017ء) محکمہ زراعت پنجاب نے ڈرپ ایریگیشن نظام کی ترویج کے لیے پنجاب بھر کے تمام اضلاع میں ڈرپ و سپرنکلر ایریگیشن سسٹم سکیم متعارف کرادی ۔محکمہ زراعت پنجاب راولپنڈی کے ترجمان ہارون احمد خان کے مطابق ہائی ایفیشنسی ایریگیشن سسٹم کے تحت پیداواری اخراجات میں 40-30 فیصد بچت اورپیداوار میں100-20 فیصد تک اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

یہ پیداواری اضافہ دیہی معیشت میں ترقی اور کاشتکاروں کی آمدن میں اضافہ کا باعث بنتا ہے ۔انہوں نے بتایاکہ پنجاب بھر کے کاشتکاروں کو ڈرپ و سپرنکلر ایریگیشن سسٹم سکیم کے تحت خصوصی سبسڈی فراہم کی جار ہی ہے کاشتکاروں کو اس سکیم سے بھرپور استفادہ کرنا چاہیے ۔ترجمان نے مزید بتایاکہ ڈرپ و سپرنکلر ایریگیشن سسٹم سکیم متعارف کرانے کا مقصد یہ ہے کہ کاشتکار پانی کی کمی کو دور کرنے کے علاوہ دوسرے زرعی مداخل سے بھی بہتر طور پر استفادہ حاصل کر سکیں۔

(جاری ہے)

فصلات کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافے ، پانی، کھاد اور بجلی کے مسائل پر قابو پانے کا واحد حل ڈرپ اریگیشن ٹیکنالوجی ہے ۔ ایسی زمینیں جو غیر ہموار ، پوٹھوہاری یا ریگستانی ہوں وہاں ڈرپ نظام آبپاشی ایک بہترین نظام آبپاشی ہے کیونکہ اس سے پودوں کی نشوونما بہتر اور بروقت انداز میں ہوتی ہے جو کہ آبپاشی کے پرانے طریقوں سے ممکن نہیں۔ ڈرپ اور سپرنکلر نظام آبپاشی اپنی بہتر کارکردگی کی وجہ سے پانی کی کمی سے نمٹنے کا بہترین طریقہ ہے جو کہ کم خرچ کے علاوہ قابل عمل بھی ہے۔

اعلیٰ استعداد کار کے حامل اس جدید نظام آبپاشی کی بنیادی خصوصیات یہ ہیں کہ اس کے ذریعے پورے کھیت کو سیراب کرنے اور خوراک دینے کی بجائے تمام پیداواری اجزاء (پانی، کھاد وغیرہ) کو پودوں تک براہ راست پہنچایا جاتا ہے جس سے پانی اور خوراکی اجزاء کی بچت کے ساتھ ساتھ پیداوار میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوتا ہے۔

متعلقہ عنوان :