افغانستان میں دہشت گردوں نے 50 فیصد علاقوں میں محفوظ پناہ گاہیں بنالیں،ترجمان دفتر خارجہ

پڑوسی ملک اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کرنے سے روکے،بھارتی خفیہ ایجنسی کے افغانستان کیساتھ روابط کے ثبوت موجود ہیں،مولانا فضل اللہ دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث ہے کشمیر میں قابض بھارتی افواج کی غیرقانونی کارروائیاں جاری ہیں اور آپریشنز میں 12 کشمیری شہید ہوچکے ہیں ایران ، عراق میں زلزلہ سے متاثرہ افراد کیلئے ابتدائی امدادی سامان ارسال کردیا ہے، کلبھوشن کی والدہ کی ملاقات کرانے کی درخواست پر غور کیا جارہا ہے،ہفتہ وار پریس بریفنگ

جمعرات 23 نومبر 2017 16:42

افغانستان میں دہشت گردوں نے 50 فیصد علاقوں میں محفوظ پناہ گاہیں بنالیں،ترجمان ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 نومبر2017ء) ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرمحمد فیصل نے کہا ہے کہ افغانستان اپنی زمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکنے کیلئے اقدامات کرے، پاکستان کے خلاف دہشتگردی میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے افغانستان کے ساتھ روابط کے ثبوت موجود ہیں،افغانستان کے تقریباً پچاس فیصد علاقوں میں دہشت گردوں نے اپنے محفوظ ٹھکانے بنا لئے۔

پاک، چین تذویراتی مذاکرات کے دوران سیکرٹری خارجہ کی چینی ہم منصب سے افغانستان اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا، بھارت علاج کیلئے جانے والے پاکستانیوں کو ویزا کی سہولت دینے سے انکاری ہے، کلبھوشن یادیو کی والدہ کو ویزا دینے پر سنجیدگی سے غور کررہے ہیں، سویٹزرلینڈ سمیت کوئی بھی ملک دہشت گردی میں ملوث افراد کو اپنے ملک میں داخلے کی اجازت نہیں دے گا،دفترخارجہ میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران انہوںنے کہا کہ افغانستان میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے اہلکاروں سمیت دیگر طالبان دہشت گرد گروپ پاکستان میں دہشت گردی کی کاروائیوں میںملوث ہیں، ملافضل اللہ جو آرمی پبلک سکول ، پشاور میں دہشت گردی کی کارروائیوں کا ماسٹرمائنڈ ہے وہ افغانستان سے کاروائیاں کرنے میں ملوث ہے ، ڈاکٹرفیصل نے کہا کہ پاکستان نے افغان حکومت کو دہشت گردوں کی کارروائیوںکے کئی ثبوت فراہم کرتے ہوئے انکے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے مگر ہمسایہ ملک کی طرف سے مثبت جواب نہیںملا، ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی کے افغانستان سے روابط کے ثبو ت پاکستا ن کے پاس موجود ہیں اس سلسلے میں افغان حکومت اور امریکہ کو آگاہ کرچکے ہیں،مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے اٹھائے جانے والے مظالم پر بات کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ کپواڑہ اور دیگرعلاقوں میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بھارت کے نہتے کشمریوں پر مظالم کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

کشمیر میں قابض بھارتی افواج کی غیرقانونی کارروائیاں جاری ہیں اور آپریشنز میں 12 کشمیری شہید ہوچکے ہیں۔بھارت نے شبیر احمد شاہ، مسرت عالم بھٹ، آسیہ اندرابی ، فہمیدہ صوفی سمیت دیگر 800کشمیری حریت رہنماوئوں کو غیرقانونی طورپر حراست میں رکھا ہوا ہے، پاکستان بھارتی غیرانسانی سلوک کی سخت مذمت کرتاہے، ڈاکٹر فیصل نے بتایا کہ لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی پربھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنرکوطلب کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کلبھوشن یادیو کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بھارت کی جانب سے کلبھوشن کی اہلیہ کی ملاقات کا جواب موصول ہوگیا ہے جس میں بھارت نے کلبھوشن کی والدہ کی بھی ملاقات کرانے کی درخواست کی ہے، اس سلسلے میں پاکستان سنجیدگی سے غور کررہا ہے۔ ترجمان نے بھارت کی جانب سے میڈیکل ویزے کا حصول تقریباً ناممکن بنا دینے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میڈیکل ویزے کا اجرا ء انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کیا جانا چاہیے، متعدد پاکستانی جو علاج کی غرض سے بھارت جانا چاہتے تھے۔

ڈاکٹر فیصل نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ امریکی کانگریس کی جانب سے منظور ہونے والے بل کے حوالے سے بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ بل میں پاکستان کو اتحادی سپورٹ فنڈ کی مد میں مشروط ادائیگیوں کا ذکر ہے۔ انہوںنے بتایا کہ پاکستان نے ایران ، عراق میں زلزلہ سے متاثرہ افراد کیلئے ابتدائی امدادی سامان ارسال کردیا ہے، ابتدائی کلمات کے دوران ترجمان دفترخارجہ نے بتا یا کہ بنکاک میں پاکستانی اسائلم کی خاطر موجود پاکستانی خرم عاشق کی موت کے بعد اسکی بیوہ نے پاکستانی مشن سے رابطہ کیا ، اسکی درخواست پر خرم عاشق کی میت کو وطن لانے کے انتظامات کردیئے گئے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستانی مشن کااسٹاف دیگر ممالک میںموجود پاکستانیوں کی خدمت کیلئے ہمہ تن گوش موجود ہوتا ہے۔سوئٹزر لینڈ حکومت کی طرف حراست میں لئے جانے والے بلوچ شہری کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر فیصل نے بتایا کہ کوئی بھی ملک دہشت گردی کی کاروائیوں میں ملوث شخص کو اپنے وطن میں داخلے کی اجازت نہیں دیتا۔