راولپنڈی میں گیس چوری اور غیر قانونی گیس کنکشنز کے خلاف کریک ڈائون کا آغاز

ٹنچ بھاٹہ ،اڈیالہ ،سواں گارڈن ،پی ڈبلیو ڈی ،ایئرپورٹ ھائوسنگ سوسائٹی ،اڈیالہ روڈ ،گلشن آباد،گوجر خان میں کارروائیاں

جمعرات 23 نومبر 2017 16:29

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2017ء) راولپنڈی ریجن کے رہائشی علاقوں میں گیس کے کمرشل استعمال کی شکایات پر محکمہ سوئی گیس حرکت میں آ گیا ،محکمہ سوئی گیس راولپنڈی ریجن نے گیس چوری اور غیر قانونی گیس کنکشنز کے خلاف کریک ڈائون کا آغاز کر دیا۔ترجمان ایس این جی پی ایل شاہد اکرم نے جمعرات کو اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ سوئی ناردرن گیس راولپنڈی ریجن کے جنر ل مینجر محمد ظہور کی خصوصی ہدایات پر گیس چوری اور گیس کے غیر قانونی استعمال کے روک تھام کے لیے ٹیمیں شکیل دی گئیں۔

محکمہ گیس کی خصوصی ٹیموں نے راولپنڈی کینٹ و شہر کے مختلف علاقوں ٹنچ بھاٹہ ،اڈیالہ ،سواں گارڈن ،پی ڈبلیو ڈی ،ایئرپورٹ ھائوسنگ سوسائٹی ،اڈیالہ روڈ ،گلشن آباد،گوجر خان سمیت دیگر علاقوں میں گیس جنریٹر کے استعمال پر بیوٹی پارلر کے خلاف کارروائی سمیت گیس کے دیگر غیر قانونی کنکشنز اور استعمال پر قانونی کارروائی ے کی اورخصوصی گیس کورٹ راولپنڈی اور گوجر خان میں مقدمات کا اندراج کروایاہے ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے مزید بتایاکہ سوئی ناردرن گیس راولپنڈی ریجن کے طول و عرض میں گیس کے غیر قانونی استعمال ،گھریلو کنکشنز کے کمرشل استعمال اور پلاسٹک پائپ کے ذریعے کنکشن در کنکشن کے غیر قانونی طریقہ کار سے جہاں پر محکمہ گیس کو مالی نقصان اٹھانا پڑتا ہے وہیںاس سے قرب و جوار کے شہریوں کی جان و مال کو بھی خطرات لاحق ہوتے ہیں ۔شاہد اکرم نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے ارد گرد موجود گیس کے غیر قانونی کنکشنز کی بابت محکمہ سوئی گیس کو کال سنٹر 1199پر یا قریبی علاقائی دفتر میں اطلاع کریں تاکہ محکمہ سوئی گیس کی خصوصی تشکیل شدہ ٹیمیں جلد اور موثر کارروائی کر سکیں ۔

واضح رہے کہ سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز کی جانب سے گیس کی بلاتعطل فراہمی کے دعوئوں کے باوجود ٹنچ بھاٹہ کی گنجان آبادی کے رہائشی علاقوں میں نمکو فیکٹری اور گھریلو گیس کنکشن پر کمرشل استعمال کے لیے دیگیں پکانے کی شکایات عام ہو چکی تھیں اور شہریوں کا کہنا تھا کہ ان غیر قانونی سرگرمیوں کی وجہ سے شہر و کینٹ کے مختلف حصوں میں گیس پریشر میں شدید کمی ہو گئی ہے ۔

ٹنچ بھاٹہ فیصل کالونی آبادی نمبر 2میں جامع مسجد الحلیم کے قریب رہائشی آبادی میں نمکو فیکٹری عرصہ دراز سے کام کر رہی ہے جس سے علاقہ مکینوں کو گیس پریشر میں کمی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔شہریوں نے محکمہ سوئی گیس سے مطالبہ کیا کہ رہائشی آبادی میں نمکو فیکٹری و دیگیں پکانے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے ۔

متعلقہ عنوان :