گورنر سندھ محمد زبیر سے آسٹریلیا کی ہائی کمشنر مس مارگریٹ ایڈمسن کی ملاقات

پاک آسٹریلیا باہمی تجارت،صوبہ میں سرمایہ کاری کے مواقعوں اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال مثالی امن قائم ہوگیا ہے ،کراچی میں سرمایہ کاری سے آسٹریلیا کے سرمایہ کار بھی فائدہ اٴْٹھائیں۔ گورنر سندھ

جمعرات 23 نومبر 2017 16:22

گورنر سندھ محمد زبیر سے آسٹریلیا کی ہائی کمشنر مس مارگریٹ ایڈمسن کی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر سے آسٹریلیا کی ہائی کمشنر مس مارگریٹ ایڈمسن وفد کے ہمراہ گورنر ہاؤس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میںپاک آسٹریلیا باہمی تجارت،صوبہ میں سرمایہ کاری کے مواقعوں ،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کلیدی کردار ،کان کنی،زراعت کے شعبوں میں مزید تعاون اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی و تجارتی حب اور خطہ کا اہم شہر ہے،امن و امان کے قیام کے بعد یہاں سرمایہ کاری کے لئے حالات نہایت سازگار ہیںاس ضمن میں آسٹریلیا کے سرمایہ کار بھی ان مواقعوں سے فائدہ اٴْٹھائیں۔انہوں نے کہا کہ پاک آسٹریلیا اقتصادی تعاون میں مزید اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے دو طرفہ تعلقا ت کے استحکام سے خطہ میں غربت اور بے روزگاری کے خاتمہ میں مدد ملے اس ضمن میں مس مارگریٹ ایڈ مسن کی کاوشیں قابل قدر ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بہت قربانیاں دی ہیں جنہیں بین الاقوامی سطح پر سراہا جانا چاہئے، امن و امان کی صورتحال میں بہتری کے بعد پاکستان کے لئے ٹریول ایڈوائزری پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں معیشت کے ہر شعبہ میں ترقی ہوئی ہے، ہر شعبہ میں مثبت معاشی اشاریئے حاصل ہو رہے ہیں معاشی ترقی کے لئے حکومتی پالیسی اہم ثابت ہو رہی ہے ۔

گورنر محمد زبیر نے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی مکمل بحالی میں آسٹریلیا اہم کردار ادا کرسکتا ہے،حالیہ عالمی معیا رکے کھلاڑیوں کی پاکستان آمد امن و امان کے قیام پر ان کے اعتماد کا واضح مظہر ہے ، پاکستان میں کرکٹ کے شائقین عرصہ دراز سے عالمی طرز کے کھیلوں کے متمنی ہیں ۔ملاقات میںہائی کمشنر آسٹریلیا نے کہا کہ آج کا پاکستان انتہائی پر امن ہے اورکوئی بھی بین الاقوامی کمپنی پاکستان جیسی بڑی مارکیٹ کو نظر انداز نہیں کر سکتی،آسٹریلیا اور پاکستان کے مابین اقتصادی تعاون بڑھانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آسٹریلیا کان کنی کے شعبہ میں پاکستان کی بہت مدد کرسکتا ہے اس طرح لائیو اسٹاک میں بھی آسٹریلوی ماہرین کی مدد اور تعاون حاصل کیا جا سکتا ہے ۔وفد کے دیگر اراکین میں اعزازی قونصل جنرل فرخ اکرام ، مس لیونی Ms.Leoni ، مس نکولMs.Nicole اور طاہر محمود شامل تھے ۔

متعلقہ عنوان :