آل کراچی حاجی شیر محمد اعوان میموریل شوٹنگ بال ٹورنامنٹ کا ٹائٹل ڈسٹرکٹ کورنگی کے نام

واحد شوٹنگ بال کلب نے ڈسٹرکٹ سائوتھ کی داتا شوٹنگ بال کلب کو شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کیا

جمعرات 23 نومبر 2017 15:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 نومبر2017ء) آل کراچی حاجی شیر محمد میموریل شوٹنگ بال ٹورنامنٹ کا ٹائٹل ڈسٹرکٹ کورنگی کے نام ،واحد اسپورٹس نے فائنل معرکہ جیت کر ضلع کورنگی کو چمپئن بنا دیا ۔

(جاری ہے)

اسٹیل ٹاون شوٹنگ بال کلب کے زیراہتمام کراچی شوٹنگ بال ایسوسی ایشن کے اشتراک سے اسٹیل ٹاون شوٹنگ بال کمپلیکس میں کھیلے جانے والے حاجی شیر محمد اعوان میموریل شوٹنگ بال ٹورنامنٹ کا فائنل معرکہ واحد اسپورٹس شوٹنگ بال کلب ڈسٹرکٹ کورنگی اور داتا شوٹنگ بال کلب ڈسٹرکٹ ساوتھ کے درمیان کھیلا گیا، فائنل واحد کلب نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2-1 سے جیت لیا، بیسٹ آف تھری پر مشتمل فائنل کا پہلا سیٹ واحد کلب نے 16-12 سے جیت کر ایک گیم کی سبقت حاصل کرلی لیکن دوسرا سیٹ داتا کلب نے 14-16 سے جیت کر مقابلہ برابر کردیااور فائنل کو مزید دلچسپ بنا دیا تیسرا سیٹ بھی دلچسپ اور سنسنی خیز رہا جو واحد کلب نے 16-13 کے اسکور سے جیت کر ٹورنامنٹ کا فائنل بھی جیتنے کا اعزاز حاصل کرلیافائنل میں دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل پیش کیا خاص طور پر فاتح ٹیم کے وسیم عباس، رضوان احمد، محمد حسنین، عبداللہ اور محمد شمیم کا کھیل قابل دید تھا، ناکام ٹیم کے اظہر میمن، فاروق نادر، عمیر خان اور فخرالزمان نے بھی فاتح ٹیم کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور شائقین سے خوب داد حاصل کی، فائنل کے اختتام پر تقسیم انعامات کی تقریب منعقد کی گئی تقریب کے مہمان خصوصی سابق صدر کراچی شوٹنگ بال ایسوسی ایشن ملک اسحاق اعوان کو سابق سیکریٹری کراچی شوٹنگ بال ایسوسی ایشن ہدایت اللہ لاشاری نے اجرک کا تحفہ پیش کیا،مہمان خصوصی ملک اسحاق اعوان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کے نوجوان کھلاڑیوں کی شوٹنگ بال کھیل میں بھرپور شرکت اور دلچسپی سے مجھے دلی خوشی محسوس ہورہی ہے انھوں نے اسٹیل ٹاون شوٹنگ بال کلب کی انتظامیہ اور کراچی شوٹنگ بال ایسوسی ایشن کو شاندار ٹورنامنٹ آرگنائز کرنے پر مبارک باد پیش کی اور اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا، تقریب سے صدر کراچی شوٹنگ بال ایسوسی ایشن جاوید کیانی، سیکریٹری کراچی محمد اجمل اور سرپرست اسٹیل ٹاون شوٹنگ بال کلب اور نائب صدر کراچی شوٹنگ بال ایسوسی ایشن ملک فاروق اعوان نے بھی خطاب کیا، مہمان خصوصی ملک اسحاق اعوان نے ونر ٹرافی فاتح ٹیم واحد شوٹنگ بال کلب کے کپتان رضوان احمد اور رنر ٹرافی داتا شوٹنگ بال کلب کے کپتان فاروق نادر کو پیش کی ٹورنا منٹ میں شاندار کھیل پیش کرنے پر واحد شوٹنگ بال کلب کے کھلاڑی وسیم عباس کو مین آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ دیا گیاجبکہ میڈی کیم کی جانب سے کھلاڑیوں کو میڈی کیم گفٹ پیش کیے گئے ، اس موقع پر صدر کراچی شوٹنگ بال ایسوسی ایشن جاوید کیانی، نائب صدر ملک فاروق اعوان، سیکریٹری محمد اجمل، ہدایت اللہ لاشاری، اکرم جھارا، اسلم بھٹی آفیسر پی آئی اے، قمرالسلام ، ملک جاوید، نظیر بھٹی، ڈاکٹر شبیر، صدر ڈسٹرکٹ ملیر شوٹنگ بال ایسوسی ایشن لالاحق نواز، سیکریٹری ملک آفتاب ناصراور دیگر کھیلوں سے وابستہ معزز شخصیات بھی موجود تھیں ، فائنل میچ کو کو روشن علی شیخ، کاشف اور نصیر بھٹی نے سپر وائز کیا جبکہ اسکورر کے فرائض راجہ اللہ ڈنو نے انجام دیئے۔

متعلقہ عنوان :