پاکستان ہاکی فیڈریشن کیخلاف خیبرپختونخوا ہاکی ایسوسی ایشن کا نیب میں جانے کا فیصلہ

جمعرات 23 نومبر 2017 15:43

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 نومبر2017ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کیخلاف خیبرپختونخوا ہاکی ایسوسی ایشن نے نیب میں جانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔فیڈریشن کے سینئر نائب صدر و چیئرمین کے پی ہاکی ایسوسی ایشن سعید خان اور صوبائی سیکریٹری سید ظاہر شاہ نے الزام لگایاکہ شہباز سینئر نے گزشتہ دو سال کے دوران خلاف آئین 46 کروڑ روپے میں سے 22 کروڑ روپے نقد نکلوائے، صوبائی ہاکی ایسوسی ایشن کی جانب سے پشاور ہاکی کورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کرنے کی پاداش میں خیبرپختونخوا کی 3 ٹیموں کو نیشنل انڈر16 ہاکی چیمپئن شپ میں شرکت سے روکا گیا۔

وزیر اعظم عہدیداران کوبرطرف کرتے ہوئے احتساب کرائیں، انھوں نے پی ایچ ایف میں مبینہ بے ضابطگیوں پر نیب میں درخواست دائر کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔

(جاری ہے)

خیبرپختونخوا ہاکی ایسوسی ایشن نے ان مبینہ مالی بے ضابطگیوں کا ذکر پاکستان ہاکی فیڈریشن سے کیا تو اس پر کوئی ایکشن نہیں لیا گیا، بمعہ صدر پی ایچ ایف نے خاموشی اختیار کی جس پر صوبائی ہاکی ایسوسی ایشن نے پشاور ہائی کورٹ میں 10 اگست 2017 کو رٹ پٹیشن دائر کی جس پر عدالت نے پی ایچ ایف سے جواب طلبی کی جس کا جواب ابھی تک نہیں دیا گیا۔

اس بنا پر سیکریٹری پی ایچ ایف شہباز سینئر نے خیبرپختونخوا ہاکی ایسوسی ایشن کی3 منتخب ٹیموں کو خیرپور میں منعقدہ نیشنل انڈر16 ہاکی چیمپئن شپ میں کھیلنے سے روکتے ہوئے واپس بھجوایا، انھوں نے سوال کیا کہ کیا صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن خالد سجاد کھوکھر کو ان بے ضابطگیوں، شہبازسینئر کی جانب سے ملک بھر میں متوازی ایسوسی ایشنز بنانے کا علم نہیں ہے، وہ کیوں خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، اس سے لگتا ہے کہ وہ بھی ان تمام معاملات میں برابر کے ملوث ہیں۔

صوبائی ایسوسی ایشن وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے اپیل کرتی ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے عہدیداروں کو فورا برطرف کرکے ان کا احتساب کیا جائے، خیبرپختونخوا ہاکی ایسوسی ایشن پی ایچ ایف میں مالی باضابطگیوں کے خلاف نیب میں درخواست دائر کر رہی ہے۔