مسلم لیگ (ن) اپنے قائد نواز شریف کی قیادت میں متحد اور یکجان ہے، بیگم شاہدہ قدیر

جمعرات 23 نومبر 2017 15:35

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) اسلام آباد کی سینئر رہنما بیگم شاہدہ قدیر نے کہا ہے کہ پارٹی اپنے قائد نواز شریف کی قیادت میں متحد اور یکجان ہے۔ الیکشن ایکٹ2017ء میں ترمیم کا بل مسترد ہونے پر جمعرات کو جاری کردہ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو کچھ قوتیں مائنس کرنا چاہتی ہیں لیکن نوازشریف ایک شخصیت نہیں بلکہ ایک نظریے کا نام ہے اور نظریے کو مائنس نہیں کیا جاسکتا۔

(جاری ہے)

نوازشریف پہلے بھی عوام کے دلوں کی دھڑکن تھے اور اب بھی ہیں، کوئی بھی طاقت انہیں عوام سے جدا نہیں کرسکتی اور نہ ہی عوام کے ووٹوں کی طاقت کا کوئی مقابلہ کر سکتا ہے۔ شاہدہ قدیرنے کہاکہ نوازشریف ووٹ کے تقدس کی جنگ لڑ رہے ہیں اور2018ء کا الیکشن اسی نظریئے سے لڑیں گے ،2013ء کی طرح 2018ء کے الیکشن میں بھی پاکستا ن مسلم لیگ (ن) کامیابی حاصل کرے گی اور مخالفین کو عبرتناک شکست سے دوچار ہونا پڑے گا، عوامی خدمت سے عاری ان سیاستدانوں نے صرف عوام کا وقت ضائع کیا ہے اور پاکستان کی ترقی کے سفر میں رکاوٹیں کھڑی کرنے والے ان عناصر کو اپنے منفی طرزعمل کا حساب دیناہوگا۔