علاقے میں خصوصی تعلیم کے مراکزکا قیام عمل میں لایاجارہاہے جس کیلئے سنجیدہ اقدامات کئے جارہے ہیں ،ْ ڈاکٹر کاظم نیاز

علاقائی زبانوں کی پذیرائی کے لیے بھی کوششیں کررہے ہیں ،ْ ہمیں خطے کے خصوصی بچوںپر توجہ دینے کی ضرورت ہے ،ْ چیف سیکرٹری گلگت بلتستان

جمعرات 23 نومبر 2017 15:28

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2017ء) چیف سیکرٹری گلگت بلتستان ڈاکٹر کاظم نیاز نے کہاہے کہ علاقے میںخصوصی تعلیم کے مراکزکا قیام عمل میں لایاجارہاہے جس کے لئے سنجیدہ اقدامات کئے جارہے ہیں، علاقائی زبانوں کی پذیرائی کے لیے بھی کوششیں کررہے ہیں ۔ ہمیں خطے کے خصوصی بچوںپر توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہوسکے، خصوصی بچے تمام تر صلاحتو ں سے بھر پورہوتے ہیں ان پر تھوڑی سی توجہ معاشرے کے لئے سود مند ثابت ہوسکتی ہے، اساتذہ اپنے فرائض کو احسن طریقے سے نبھائیں،سکردو ،غذر اور چلاس میں سپیشل ایجوکیشن سنٹرزبنارہے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلگت سپیشل ایجوکیشن سنٹر میں منعقدہ سمینار کی پہلی نشست سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تعلیم دینا اور حاصل کرنا پیغمبرانہ پیشہ ہے اور اسے احسن طریقے سے بخوبی انجام دینا شیوہ پیغمبری ہے ،اساتذہ کا اہم کردار معاشرے میں خصوصی بچوں کو ایک کارآمد شہری اور مفید فرد بناسکتاہے ،اور اللہ تعالیٰ انہیں آخرت اور دنیا میں اجر عطاکریگا۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں انہوں نے کہاکہ ہمیں ماہرین تعلیم کے تجربات سے مستفید ہونا چاہیے۔آج کے دور میں کو ئی بھی عقل وشعور رکھنے والا شخص تعلیم کی اہمیت سے انکار نہیں کرسکتا ، خصوصی افراد کے لئے تعلیم کے ساتھ ساتھ بحالی بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ تقریب سے ماہرین تعلیم و ماہرین نفسیات میں ڈاکٹرجواد خالد نعیم، ڈاکٹر لیلیٰ ،ڈاکٹر صادق ، نعیمہ بشری ٰملک و دیگر نے بھی خطاب کیا۔سمینارمیں سیکرٹری انفارمیشن گلگت بلتستان فداحسین ، سیکریٹری مالیا ت محمد یحییٰ اخونذادہ،سیکرٹری تعلیم حاجی ثناء اللہ ،سیکریٹری سیاحت وقار علی خان ، سیکرٹری زراعت خادم حسین ، سیکرٹری صحت سعید اللہ نیازی ، ڈائریکٹر تعلیم و دیگر اعلیٰ افسران شریک تھے۔

متعلقہ عنوان :