رواں مالی سال کے ابتدائی چار مہینوں میں ملک میں ٹریکٹروں کی پیداوار اور فروخت میں گذشتہ سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں نمایاں اضافہ

جمعرات 23 نومبر 2017 15:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2017ء)رواں مالی سال کے ابتدائی چار مہینوں میں ملک میں ٹریکٹروں کی پیداوار اور فروخت میں گذشتہ سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں نمایاں اضافہ ہواہے۔ پاکستان آٹوموٹو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کی طرف سے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق جولائی سے اکتوبر تک کے عرصہ میں ملک میں 21751 یونٹس ٹریکٹروں کی پیداواراور 21557 کی فروخت ریکارڈ کی گئی، گذشتہ سال اس عرصہ میں 11462 ٹریکٹر تیار اور 12587 کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔

اعداد وشمار کے مطابق اس عرصہ میں فیٹ ٹریکٹرز کے 8389 یونٹس تیار اور 8385 کی فروخت ریکارڈ کی گئی، گذشتہ سال اسی عرصہ میں فیئٹ ٹریکٹرز نے 4426 یونٹس تیار اور 4627 فروخت کئے تھے۔ چار مہینوں میں میسی فرگوسن نے 13215 ٹریکٹر تیار اور 13318 فروخت کئے، گذشتہ اس عرصہ میں میسی فرگوسن کے 6985 یونٹس تیار اور 7628کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

مالی سال کے ابتدائی چار مہینوں میں اورینٹ آئی ایم ٹی کے 148یونٹس تیار اور 54 فروخت کئے گئے ، گذشتہ سال اسی عرصہ میں اس کمپنی کے 51 یونٹس تیار اور 332 کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے ٹریکٹر سازی کی صنعت کے لئے دیئے جانے والے مراعات کے نتیجہ میں ملک میں ٹریکٹروں کی پیداوار اور فروخت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو ملکی زراعت کے لئے خوش آئند ہے۔