حطار انڈسٹری میں کام کرنے والے مزدوروں اور عوام کی بھلائی کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا، ڈپٹی کمشنر ہری پور

جمعرات 23 نومبر 2017 15:22

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 نومبر2017ء)ڈپٹی کمشنر ہری پور سید فیاض علی شاہ نے کہا ہے کہ حطار انڈسٹری میں کام کرنے والے مزدوروں اور عوام کی بھلائی کیلئے کردار ادا کرنا ہو گا، مزدور صنعت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، انڈسٹری کے مزدور مالکان کیلئے بچوں کی حیثیت رکھتے ہیں، مزدور صنعتوں کو چلا کر مالکان کیلئے آمدنی کے ذرائع پیدا کرتے ہیں، ڈیوٹی کے دوران حادثات کی وجہ سے مرنے والے مزدوروں کے ورثا کی ہر صورت مدد کرنی چاہئے، حادثات کے دوران معذور ہو جانے والے مزدوروں کی مدد کرنا لازم ہے، ڈیوٹی کے دوران مرنے والے مزدوروں کے متاثرہ خاندانوں کو تیسرے دن ڈیتھ گرانٹ کی رقم ملنی چاہئے، افسوس یہ رقم دینے میں بہت دیر ہو جاتی ہے جبکہ تین لاکھ میں کفن دفن بھی نہیں ہوسکتا۔

(جاری ہے)

وہ گذشتہ روز اپنے دفتر میں چیئرمین ایچ آئی اے ملک عاشق اعوان کی قیادت میں ملنے والے صنعت کاروں کے وفد سے بات چیت کر رہے تھے۔ وفد میں شرکت کرنے والے صنعت کاروں میں سابق صدر چیمبر شیخ محمد الیاس، جنرل سیکرٹری تاج غنی، سینئر وائس چیئرمین حاجی عطا الرحمن، وائس چیئرمین طیب خان سواتی شامل ہیں۔ اس موقع پر چیئرمین ایچ آئی اے ملک عاشق اعوان نے کہا کہ آپ نے جو کہا درست ہے۔ ملک عاشق نے ڈپٹی کمشنر سید فیاض علی شاہ کو حطار انڈسٹری میں میٹنگ کیلئے دعوت دیدی جو انہوں نے قبول کر لی۔ ڈی سی ہری پور نے کہا کہ غریب اور بیوہ خواتین کی مالی مدد کرنی چاہئے، صنعت کار اور انتظامیہ آپس میں ہارٹ لائن پر رابطے کو مضبوط بنائے گی۔۔