عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ترقیاتی کام بھرپور طریقہ سے جاری ہیں‘چوہدری اختر علی خاں

حلقہ پی پی 100کے عوام کی مشکلات اور مسائل کم کرنا اولین ترجیحات میں شامل ہے

جمعرات 23 نومبر 2017 14:54

کامونکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2017ء)عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ترقیاتی کام بھرپور طریقہ سے جاری ہیں ،حلقہ پی پی 100کے عوام کی مشکلات اور مسائل کم کرنا اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ان خیالات کا اظہار ایم پی اے چودھری اختر علی خاں نے گزشتہ روز وارڈ نمبر 9نیو ماڈل ٹائون میں اور مسجد عمر روڈ کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر سینئر مسلم لیگی رہنما محمد اسلام مغل بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہاکہ آج بدقسمتی سے پاکستان کا بچہ بچہ اور عام آدمی احتساب کے اس جانبدرانہ عمل کو آسانی سے پہچان چکا ہے جہاں صرف اور صرف محمد نواز شریف اور ان کے خاندان کو سیاست سے بے دخل کرنے کیلئے جانبدارانہ احتساب کا عمل شروع کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جب بھی ملک کسی ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوتا ہے تو بدقسمتی سے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے دشمن پاکستان کو ترقی کے راستے سے ڈی ریل کرنے کے لئے سازشیں شروع کر دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی میاں نواز شریف برسراقتدار آئے تو کبھی ایٹمی دھماکوں کی صورت میں پاکستان کو دفاعی لحاظ سے مضبوط بنایا اور کسی سی پیک جیسے منصوبوں کی صورت میں پاکستان کو مضبوط معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کو سپریم کورٹ کے فیصلے کے نتیجے میں نااہل کرنے سے ان سازشی عناصر کے عزائم کی تکمیل ہوئی ہے جو پاکستان کو معاشی و سیاسی لحاظ سے غیر مستحکم دیکھنا چاہتے تھے۔