حکومت کا آٹے میں فولاد کی کمی کا نوٹس،

محکمہ خوراک کو مطلوبہ مقدار مکس کروانے کاٹاسک سونپ دیا

جمعرات 23 نومبر 2017 14:42

فیصل آباد۔23 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2017ء)حکومت پنجاب نے بعض فلور ملز کی جانب سے عوام کیلئے فراہم کیے جانیوالے آٹے میں فولاد کی کمی کاسخت نوٹس لیتے ہوئے محکمہ خوراک کو آٹے میں فولاد کی مطلوبہ مقدار مکس کروانے کاٹاسک سونپ دیاہے اور کہاہے کہ اس ضمن میں کسی کوتاہی سے گریز کیاجائے تاکہ آٹے کے سٹینڈرڈ کوبرقرار رکھنے اور شہریوںکو مختلف کمزوریوں کا شکار ہونے سے بچایاجاسکے۔

محکمہ خوراک کے ذرائع نے بتایاکہ پنجاب حکومت نے آٹے میں آ ئرن کی کمی کو پورا کرنے کیلئے فلور ملز سیکٹر کو فوڈ فورٹیفکیشن پلانٹ نصب کرنے کی ہدائت کی ہے جس کیلئے ڈپٹی ڈائریکٹرز فوڈ کو سمری تیار کر کے بھجوانے کا کہا گیا ہے ۔انہوںنے بتایاکہ اس حوالے سے شہریوں میں آئرن کی کمی کو پورا کرنے کیلئے حکومت نے آٹے میں فورٹیفکیشن کرتے ہوئے آئرن مکس کرنے کا پلان تیا ر کیا ہے جبکہ فلور ملز سیکٹر کو فوڈ فورٹیفکیشن پلانٹ لگانے کی ترغیب دی جا رہی ہے جس کیلئے مختلف فلور ملزمالکان کو ۱ٓگاہ کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ فوڈ فورٹیفکیشن پلانٹ کی تنصیب سے بزنس میں اضافے کے مواقع جبکہ عوام میں آئرن کی کمی کو پورا کیا جائیگا۔انہوںنے کہاکہ حکومت کی ہدائت پر سمری تیار کی جار ہی ہے جسے منظوری کیلئے پنجاب حکومت کو بھجوایا جائیگا۔