محکمہ خوراک پنجاب کا صوبہ بھر میں گندم کے گوداموں کی فزیکل انسپکشن ہر ماہ کرنے کافیصلہ

جمعرات 23 نومبر 2017 14:42

فیصل آباد۔23 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2017ء) محکمہ خوراک پنجاب نے فیصل آباد ، گوجرانوالہ ، راولپنڈی ،ساہیوال، سرگودھا، ملتان، بہاولپور، ڈی جی خان ، لاہور سمیت صوبہ بھر میںمحکمہ ہذا کے گندم کے گوداموں کی فزیکل انسپکشن ہر ماہ باقاعدگی سے کرنے کافیصلہ کیا ہے جبکہ سٹورز میں موجود لاکھوں ٹن گندم کو ہر قسم کے نقصان سے بچانے کیلئے بھی ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

محکمہ خوراک کے ذرائع نے بتایاکہ اس ضمن میں سیکرٹری فوڈ پنجاب اور ڈائریکٹر فوڈ پنجاب کی جانب سے تمام ڈویژنز کے ڈپٹی ڈائریکٹرز محکمہ خوراک اور تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرز کے نام جاری کئے گئے مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ وہ اپنے اپنے زیر انتظام علاقوں میں گندم کے ذخائر کی حفاظت کیلئے تین نکاتی سٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ تین نکات پر مشتمل مذکورہ ایس او پی میں ہر ڈویژن کے گندم کے ذخائر و مراکز کی فزیکل ا نسپکشن ماہانہ بنیادوں پر کرنے ، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرز کی جانب سے اپنے اضلاع کی ماہانہ رپورٹ سیکرٹری خوراک پنجاب کو ارسال کرنے کا بھی حکم دیاگیا ہے ۔انہوںنے کہاکہ جاری کردہ ہدایت نامہ کے مطابق تمام ڈویژنل ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ انفورسمنٹ ٹیم کے ہمراہ اپنے زیر انتظام تمام اضلاع کی ماہانہ کی بنیاد پر انسپکشن کریں گے نیز ڈائریکٹر فوڈ پنجاب مختلف اضلاع کے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرز کی جانب سے ہر ماہ کی 5تاریخ تک بھجوائی جانے والی رپورٹس کے بارے میں تصدیقی سرٹیفکیٹ بھی جاری کریں گے تاکہ نہ صرف گندم کو نقصان سے بچایاجاسکے بلکہ گندم کا خرد برد روکنے میں بھی مدد مل سکے۔

متعلقہ عنوان :