چائلڈ لیبر کے خاتمہ میں ہم حکومت کے قدم سے قدم ملا کر چلنا چاہتے ہیں، صدر انجمن مالکان بھٹہ خشت ایسوسی ایشن

جمعرات 23 نومبر 2017 14:26

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 نومبر2017ء) ضلعی صدر انجمن مالکان بھٹہ خشت ایسوسی ایشن چوہدری عبدالرزاق باجوہ نے کہا کہ چائلڈ لیبر کے خاتمہ میں ہم حکومت کے قدم سے قدم ملا کر چلنا چاہتے ہیں مگر مزدور کا بچہ اگر سکول نہیں جاتا تو ذمہ دار بھی اسکے وارث کو ٹھہرایا جائے اس دوران اگر بھٹہ مالکان تعلیم حاصل کرنے سے روکتے ہیں تو سخت کاروائی عمل میں لائی جائے نیز زمینی حقائق کو مد نظر رکھتے ہوئے لیبر کی مزدوری طے کی جانی چاہئے یہ تب ممکن ہو گا جب حکومتی نمائندے،بھٹہ مالکان اور مزدوروں کا نمائندہ ایک پلیٹ فارم پر بیٹھیں گے۔

جھنگ روڈ پر چیئر مین حاجی الطاف کے بھٹے پر مالکان کی میٹنگ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔چوہدری اشرف گجر،میاں یوسف،حاجی غلام مصطفی،حاجی اسلام،رانا صدیق بلو،رانا آصف صادق،میاں فرمان و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

(جاری ہے)

چوہدری عبدالرزاق باجوہ نے کہا کہ حکومت وقت شاید پی آئی اے،فٹ بال،سٹیل مل،کی طرح بیرونی آقاؤں کی خوشنودی کے لیے بھٹہ صنعت کو بھی بند کرنا چاہتی ہے جس سے لاکھوں مزدوروں اور اس سے منسلک لاکھوں افراد کے چولہے نہ صرف تھنڈے ہو جائیں گے بلکہ بے روزگاری سے تنگ عوام خود کشیوں کی طرف چل پڑے گی۔

انہوں نے وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف سے اپیل کی کہ فوری ایکشن لیکر معاملات کو سلجھایا جائے اور بھٹہ خشت صنعت کو تباہی سے بچاتے ہوئے ملک و قوم کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے۔