سورج مکھی کاشت کرنیوالے کاشتکاروں کی آمدنی میں اضافہ کرنیکا منصوبہ تیار ہے،محکمہ زراعت پنجاب

منصوبہ کے تحت رجسٹرڈ کسانوں کو سورج مکھی کی کاشت کے لیے 10 ایکڑ تک سبسڈی فراہم کی جائے گی،ترجمان

جمعرات 23 نومبر 2017 14:26

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 نومبر2017ء) محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان ریسرچ انفارمیشن یونٹ فیصل آباد نے کہا ہے کہ خادم پنجاب کسان پیکج کے تحت سورج مکھی کی منافع بخش کاشت کے فروغ کے لیے کروڑوں روپے سبسڈی کی فراہمی سورج مکھی کاشت کرنے والے کاشتکاروں کی آمدنی میں اضافہ کرنے کا منصوبہ تیار ہے۔ رجسٹرڈ کسانوں کو سورج مکھی کی کاشت پر بذریعہ وائوچر 5000 روپے فی ایکڑ سبسڈی فراہم کی جارہی ہے۔

اس منصوبہ کے تحت رجسٹرڈ کسانوں کو سورج مکھی کی کاشت کے لیے 10 ایکڑ تک سبسڈی فراہم کی جائے گی۔ سورج مکھی کی بوری سے ملنے والے وائوچر کا نمبر اپنے شناختی کارڈ کے ہمراہ 8070 پر بھیجیں اور تصدیقی SMS موصول ہونے پر قریبی موبائل شاپ سے فوری 1000 روپے حاصل کریں۔

(جاری ہے)

بقایا رقم فصل کی کٹائی پر موصول ہونے والے SMS کی بنیاد پر دی جائے گی۔ سورج مکھی کی منافع بخش کاشت سے نہ صرف کسان خوشحال ہوگا بلکہ خوردنی تیل کی ملکی ضروریات کو پورا کرنے کے علاوہ کثیر زر مبادلہ کے حصول سے ملکی معیشت بھی مستحکم ہوگی۔

حکومت پنجاب اور اے پی ایس ای اے کے مشترکہ تعاون سے علاقائی سطح پر فصل کی خریداری کے مراکز کا قیام بھی عمل میں لایا جا رہا ہے۔ سورج مکھی کی 2500 روپے فی من فروخت میں کمی بیشی کو مد نظر رکھتے ہوئے کاشتکار کی مالی معاونت بھی کی جائے گی۔