ڈپٹی کمشنر بٹگرام کا الائی کی یو سی کنائی بتکول میں کھلی کچہری کا انعقاد، مقامی افراد نے شکایات کے انبار لگادیئے

جمعرات 23 نومبر 2017 14:06

بٹگرام۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2017ء) ڈپٹی کمشنر بٹگرام سید محمد فرل ثقلین نے تحصیل الائی کی یونین کونسل کنائی بتکول میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ مقامی لوگوں نے اجتماعی اور انفرادی مسائل کے انبار لگا دیئے۔ رابطہ سڑکوں تھاکوٹ کنائی اور بتکول سڑک کی تباہ حالی، صحت کے مراکز کا فقدان اور موجودہ بی ایچ یو میں ڈاکٹر سمیت دیگر سٹاف کی کمی کو پورا کرنے اور ادویات کی فراہمی سمیت پانی اور بجلی کے مسائل حل کرنے کیلئے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

مقامی افراد نے ڈی سی کو بتایا کہ ہائی سکول بتکول کی عمارت نہ ہونے کی وجہ 183 طلبہ کھلے آسمان تلے پڑھنے پر مجبور ہیں۔ یونین کونسل میں پہلے سے قائم پرائمری اور مڈل سکولوں میں سٹاف کی کمی کو پورا کرنے اور اساتذہ کی حاضری یقینی بنانے سے متعلق بھی شکایات اٹھائی گئیں۔ یونین کونسل میں منشیات کی نقل و حرکت روکنے اور اس کے استعمال پر پابندی یقینی بنانے پر چھوٹے بڑے گائوں میں نکاسی آب کا پہلے سے کوئی انتظام موجود نہیں جس کی وجہ سے گھروں سے نکلنے والا گٹر کا پانی ہر وقت گلیوں میں رواں دواں رہتا ہے۔